وزیر اعظم مودی کی نومنتخب صدر بائیڈن سے گفتگو، باہمی شراکت داری اور یکساں مفادات پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم مودی نے امریکی صدر منتخب ہونے پر بائیڈن کو گرمجوشی کے ساتھ مبارکباد دی اور کہا کہ اس الیکشن سے امریکی جمہوری روایات کے استحکام کا پتا چلتا ہے

وزیر اعظم نریندر مودی، نومنتخب صدر جو بائیڈن / تصویر بشکریہ ٹوئٹر @IndiainMongolia
وزیر اعظم نریندر مودی، نومنتخب صدر جو بائیڈن / تصویر بشکریہ ٹوئٹر @IndiainMongolia
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکہ کے نو منتخب صدر جوزف آر بائیڈن سے ٹیلی فون پر بات کرکے انہیں مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے امریکی صدر منتخب ہونے پر بائیڈن کو گرمجوشی کے ساتھ مبارکباد دی اور کہا کہ اس الیکشن سے امریکی جمہوری روایات کے استحکام کا پتا چلتا ہے۔

وزیر اعظم نے امریکہ کی نو منتخب نائب صدر سینیٹر کملا ہیرس کو بھی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دوران گفتگو مودی نے سنہ 2014 اور 2016 کے اپنے امریکی دورے کا ذکر کرتے ہوئے بائیڈن کے ساتھ اپنی ملاقات کو بھی یاد کیا۔ امریکہ میں صدارتی انتخابات میں جو بائیڈن کی فتح کے بعد دونوں لیڈران کے درمیان یہ پہلی گفتگو ہے۔


دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اقدار اور یکساں مفادات پر مبنی ہندوستان۔امریکہ عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کام کرنے پر اتفاق رائے ظاہر کیا۔

اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں کے درمیان کووِڈ۔19 سے نمٹنے کے لیے کفایتی ویکسین مہیا کروانے، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے اور بحر الکاہل کے خطے میں تعاون میں اضافہ کرنے جیسی ترجیحات کے بارے بھی بات چیت ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔