پلوامہ حملہ: پی ایم علاقائی اور قومی پارٹیوں کے صدور کی میٹنگ بلائیں، کانگریس

کل جماعتی میٹنگ کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے بتایا ’’ہم نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے ذریعہ وزیر اعظم سے درخواست کی ہے کہ وہ قومی اور علاقائی پارٹیوں کے رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کریں۔‘‘

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے پلوامہ میں دہشت گردانہ حملہ کے سلسلہ میں وزیر اعظم سے قومی اور علاقائی پارٹیوں کے رہنماؤں کی میٹنگ بلانے کی اپیل کی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں ہفتہ کو ہونے والی کل جماعتی میٹنگ کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے بتایا کہ انہوں نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے ذریعہ وزیر اعظم سے درخواست کی ہے کہ وہ قومی اور علاقائی پارٹیوں کے رہنماؤں کے ساتھ خود میٹنگ کریں۔ دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے ان کی اس مانگ کی حمایت کی۔

غلام نبی آزاد نے کہا کہ پورا ملک پلوامہ حملہ کی وجہٍ سے غمزدہ ہے۔ قومی سلامتی کے سوال پر کانگریس، حکومت اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ جموں و کشمیر ہو یا ملک کا کوئی اور حصہ، دہشت گردی کے خلاف کانگریس حکومت کی حمایت میں کھڑی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ پارٹی کے اختلافات ہیں، لیکن ملکی اتحاد و سالمیت اور حفاظت کے لئے ہم حکومت کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ حالت جنگ کو چھوڑ دیں تو آزادی کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے جس میں اتنی بڑی تعداد میں سیکورٹی فورس کے جوان شہید ہوئے ہیں۔ ملک کے تمام لوگ آج ماتم منا رہے ہیں۔ کانگریس اور پورا ملک اس وقت سیکورٹی فورسز، اپنی فوج، سی آر پی ایف اور مقامی پولس کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہو یہ ہم سب کی ترجیح ہے، حکومت کی طرف سے آج بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ میں کانگریس کی طرف سے آزاد کے علاوہ آنند شرما، سی وینو گوپال اور جیوترادتیہ سندھیا بھی موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔