وزیر اعظم مودی کل سے 3 ملکوں کے دورہ پر، کینیڈا میں جی-7 چوٹی کانفرنس میں ہوں گے شریک
مودی کا یہ غیر ملکی دورہ 15 سے 19 جون تک جاری رہے گا، جس میں وہ قبرص، کینیڈا اور کرویشیا کا سفر کریں گے۔ جی-7 چوٹی کانفرنس میں اس بار وزیر اعظم مودی چھٹی مرتبہ شامل ہو رہے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی (فائل)، تصویر آئی اے آئی ایس
وزیر اعظم نریندر مودی اتوار (15 جون) سے تین ملکوں کے دورہ پر رہیں گے۔ اس دوران وہ جی-7 سمٹ میں حصہ لیں گے۔ مودی کا یہ غیر ملکی دورہ 15 سے 19 جون تک جاری رہے گا، جس میں وہ قبرص، کینیڈا اور کرویشیا کا سفر کریں گے۔ مودی سب سے پہلے 16-15 جون کو قبرص جائیں جائیں گے۔ اس کے بعد وہ 17-16 جون کو کینیڈا کا سفر کریں گے۔
کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کی دعوت پر وزیر اعظم مودی کینیڈا کے دورہ پر جا رہے ہیں۔ اس دوران وہ جی-7 چوٹی کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔ جی-7 چوٹی کانفرنس میں اس بار وزیر اعظم مودی چھٹی مرتبہ شامل ہو رہے ہیں۔
چوٹی کانفرنس میں وزیر اعظم مودی توانائی تحفظ، ٹکنالوجی اور اِنوویشن، خاص طور سے اے آئی-توانائی نیکسس اور کوانٹم سے متعلق معاملوں سمیت اہم عالمی مدعوں پر جی-7 ملکوں کے رہنماؤں، دیگر مدعوئین آؤٹ ریچ ممالک اور بین الااقوامی تنظیموں کے سربراہوں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر اعظم چوٹی کانفرنس سے الگ کئی دوطرفہ میٹنگ بھی کریں گے۔
اس سے قبل کینیڈا کے وزیر اعظم سے فون آنے کے بعد وزیر اعظم مودی نے ’ایکس‘ ہینڈل پر اس بات کی اطلاع دی تھی۔ مودی نے لکھا تھا، ’’کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کا فون آنے پر خوشی ہوئی۔ انہیں ان کی حالیہ انتخابی جیت پر مبارک باد دی اور اس مہینے کے آخر میں کناناسکس میں جی-7 چوٹی کانفرنس کی دعوت کے لیے انہیں شکریہ ادا کیا۔‘‘ ہند-کینیڈا رشتوں میں تلخی آنے کے بعد وزیر اعظم مودی کا یہ پہلا کینیڈا دورہ ہے۔
کینیڈا کے دورہ کے بعد وزیر اعظم مودی 18 جون کو کرویشیا کے دورہ پر رہیں گے۔ کرویشیا کے وزیر اعظم آندریز پلینکووک کی دعوت پر مودی یہ سفر کریں گے۔ یہ کسی بھی ہندوستانی وزیر اعظم کے ذریعہ کرویشیا کا پہلا دورہ ہوگا۔ اسے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔