تلنگانہ کے یوم تاسیس پر پی ایم مودی، ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے ریاستی عوام کو مبارکباد پیش کی

ملکارجن کھڑگے نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’جیسے جیسے تلنگانہ اعتماد اور امید کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، ہم اس کے عوام کے لیے امن، خوشحالی اور مسلسل ترقی کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تلنگانہ، تصویر بشکریہ&nbsp;<a href="https://x.com/INCIndia">@INCIndia</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

تلنگانہ کے یوم تاسیس پر وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم مودی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھتے ہیں کہ ’’ تلنگانہ کے یوم تاسیس کے خصوصی موقع پر تلنگانہ کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ تلنگانہ کے لوگ اپنی اختراعی صلاحیت، کاروباری جذبے اور محنت کے لیے جانے جاتے ہیں۔ یہ ریاست اپنی شاندار ثقافت اور عظیم تاریخ کی حامل ہے، جو بہادری، عزم اور ثابت قدمی کی داستان سناتی ہے۔ مرکزی حکومت ’وکست بھارت‘ کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے تلنگانہ کی ترقی کی رفتار کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ میں ریاست کے عوام کی اچھی صحت، خوشحالی اور کامیابی کے لیے دعاگو ہوں۔‘‘

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’تلنگانہ کے یوم تاسیس کے تاریخی موقع پر ہم تلنگانہ کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں، جو ایک ایسی ریاست کے باشندے ہیں جس کا قیام قربانیوں، ثابت قدمی اور لاکھوں لوگوں کی غیر متزلزل امنگوں کے نتیجے میں عمل میں آیا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’ تلنگانہ کا قیام ہندوستان کے جمہوری سفر کا ایک تاریخی اور فیصلہ کن باب ہے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی زیر قیادت یو پی اے حکومت نے عوام کے دیرینہ مطالبات اور امنگوں کا احترام کرتے ہوئے ہندوستان کی سب سے کم عمر ریاست کے قیام میں ایک تاریخی کردار ادا کیا۔‘‘


اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں ملکارجن کھڑگے مزید لکھتے ہیں کہ ’’اس باوقار دن پر ہم ان بے شمار شہداء، طلبہ، نوجوانوں، ملازمین، کسانوں اور کارکنان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں اور جدوجہد نے تلنگانہ کے قیام کو ممکن بنایا۔ ان کی بہادری، عزم اور وابستگی ہمیشہ ریاست کی روح میں نقش رہے گی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’آج تلنگانہ میں کانگریس حکومت ایک حقیقی ’پراجالا تلنگانہ‘ کے وژن کی جانب ثابت قدمی سے کام کر رہی ہے – ایک ایسا عوامی تلنگانہ، جو سماجی انصاف، وقار، جامع ترقی اور سب کے لیے مساوی مواقع پر مبنی ہے۔ تبدیلی لانے والے فلاحی اقدامات اور عوام کو اولین ترجیح دینے والی حکمرانی کے ذریعے، معاشرے کے ہر طبقے کو بااختیار بنایا جا رہا ہے، اوپر اٹھایا جا رہا ہے، اور ترقی کے مرکزی دھارے میں لایا جا رہا ہے۔‘‘

ملکارجن کھڑگے کے مطابق ’اندراما راجیم‘ کی روح اس سفر کی رہنمائی کرتی رہتی ہے – ایک ایسا وژن جو پسماندہ طبقات کے لیے انصاف، کمزوروں کے لیے طاقت، خواتین اور نوجوانوں کی خود مختاری، اور تلنگانہ کے ہر گاؤں، ہر خاندان اور ہر شہری کی ہمہ جہت ترقی کی نمائندگی کرتا ہے۔ وہ پوسٹ کے آخر میں لکھتے ہیں کہ ’’جیسے جیسے تلنگانہ اعتماد اور امید کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، ہم اس کے عوام کے لیے امن، خوشحالی اور مسلسل ترقی کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘


کانگریس رہنما راہل گاندھی ’ایکس‘ پر لکھتے ہیں کہ ’’تلنگانہ کے یوم تاسیس پر ریاست کے عوام کو دلی مبارکباد۔ تلنگانہ لاکھوں لوگوں کی جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ آج ہم ان تمام افراد کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے اپنے خوابوں کے تلنگانہ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ کانگریس حکومت آج سماجی انصاف، مساوی مواقع اور تلنگانہ کے ہر فرد کے وقار کے ساتھ اسی وراثت کو آگے بڑھا رہی ہے۔‘‘

کانگریس کی جنرل سکریٹری سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھتی ہیں کہ ’’ تلنگانہ کے یوم تاسیس پر ریاست کے عوام کو دلی مبارکباد۔ بہادری، اختراع اور ترقی کی سرزمین تلنگانہ مسلسل دوسروں کے لیے باعث تحریک بنی ہوئی ہے۔ دعا ہے کہ ریاست اسی طرح ترقی کرتی رہے اور سب کے لیے نئے مواقع پیدا کرتی رہے۔‘‘


انڈین نیشنل کانگریس نے بھی اپنے آفیشیل ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعہ تلنگانہ کے یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کی۔ پارٹی نے لکھاکہ ’’تلنگانہ کے یوم تاسیس کے موقع پر ہم ہندوستان کی سب سے کم عمر ریاست کے عزم، حوصلے اور جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کانگریس خاندان ریاست کے عوام کو سلام پیش کرتا ہے اور ہم آہنگی، آئینی اقدار اور اس منفرد شناخت کے تحفظ کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے جو تلنگانہ کو واقعی منفرد بناتی ہے۔‘‘ 

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔