روزگار فراہمی کا وعدہ کرنے والی مودی حکومت نے روزگار ختم کرنے کا کام کیا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ جہاں بھی ہمارے پی ایم جاتے ہیں، لمبی لمبی تقریریں کرتے ہیں۔ وہ سی اے اے، این پی آر اور این آر سی کی بات کرتے ہیں، لیکن نوجوانوں کی پریشانی کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں بولتے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس رکن پارلیمنٹ اور سابق پارٹی صدر راہل گاندھی نے آج راجستھان کی راجدھانی جے پور میں ’یوا آکروش ریلی‘ سے خطاب کیا۔ نوجوانوں کی زبردست بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’پی ایم مودی نے 2 کروڑ روزگار کا وعدہ کیا تھا، لیکن عالم یہ ہے کہ گزشتہ ایک سال میں ان کی حکومت نے 1 کروڑ روزگار چھین لیا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ بے روزگاری لگاتار بڑھتی ہی جا رہی ہے اور اس بارے میں پی ایم مودی کچھ بھی نہیں بولتے۔ نوجوان طبقہ یہ سوچ کر پریشان ہے کہ اس نے جو تعلیم حاصل کی ہے، اس کا فائدہ کب ملے گا، اسے روزگار کب حاصل ہوگا۔

روزگار فراہمی کا وعدہ کرنے والی مودی حکومت نے روزگار ختم کرنے کا کام کیا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک کی حالت کے بارے میں اس ملک کا ہر نوجوان جانتا ہے اور پہچانتا ہے۔ ہر ملک کے پاس کوئی نہ کوئی پونجی ہوتی ہے۔ ہمارے ملک کے پاس کروڑوں نوجوان ہیں۔ ہمارے پاس تیل نہیں ہے۔ امریکہ کا مقابلہ ہم اسلحوں سے نہیں کر سکتے ہیں، لیکن ہمارے پاس ہمارے نوجوان ہیں جو ہماری پونجی ہیں۔ پورا ملک اور پوری دنیا اس بات کو مانتی ہے کہ ہندوستان کا نوجوان پوری دنیا کو بدل سکتا ہے۔ امریکہ کے صدر اوباما نے کہا تھا کہ ہندوستان اور چین کا مقابلہ امریکہ نہیں کر سکتا ہے۔‘‘

روزگار فراہمی کا وعدہ کرنے والی مودی حکومت نے روزگار ختم کرنے کا کام کیا: راہل گاندھی

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’دوسرے ملک کے لوگ ہندوستان میں سرمایہ کاری کرتے تھے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ ہندوستان کا نوجوان انھیں فائدہ پہنچائے گا اور ان کو پیسہ واپس مل جائے گا۔ جو آپ کر سکتے ہو اسے ہمارے وزیر اعظم نہیں کرنے دے رہے۔ آج ہمارے ملک کا نوجوان کالج و یونیورسٹی میں پڑھتا ہے لیکن وہاں سے نکلنے کے بعد اسے روزگار نہیں ملتا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’گزشتہ ایک سال میں ایک کروڑ نوجوانوں نے اپنا روزگار گنوا دیا ہے۔ جہاں بھی ہمارے وزیر اعظم جاتے ہیں، لمبی لمبی تقریریں کرتے ہیں۔ وہ سی اے اے، این پی آر اور این آر سی کی بات کرتے ہیں، لیکن نوجوانوں کی پریشانی کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں بولتے۔ یو پی اے کے وقت ملک کی شرح ترقی 9 فیصد تھی، آج جب نئے طریقے سے اس کی پیمائش کی جاتی ہے تو 5 فیصد پر ہے اور اگر پرانے طریقے سے اس کی پیمائش کریں گے تو ڈھائی فیصد پر چلی جائے گی۔‘‘

روزگار فراہمی کا وعدہ کرنے والی مودی حکومت نے روزگار ختم کرنے کا کام کیا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’ہماری حکومت غریبوں کو پیسہ دیتی تھی۔ اس کے پیچھے صاف اور سیدھا مقصد یہ تھا کہ پیسے جب غریب کو ملیں گے تو وہ سامان کی خریداری کرے گا، اس سے فیکٹریوں میں سامان کی طلب بڑھے گی۔ سامان کی طلب بڑھنے سے فیکٹریوں میں روزگار ملتا تھا۔ نریندر مودی جی نے منریگا تک کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ گبر سنگھ ٹیکس لگا دیا اور نوٹ بندی کر دی۔ مودی جی نے غریبوں سے پیسہ لیا اور امیروں کی جیب میں ڈال دیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔