وزیراعظم مودی کی یومِ جمہوریہ کی مبارکباد، ’وکست بھارت‘ کے اجتماعی عزم پر زور
وزیراعظم مودی نے 77ویں یومِ جمہوریہ پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے ’وکست بھارت‘ کے عزم پر زور دیا، جبکہ کرتویہ پتھ پر شاندار پریڈ میں ترقی، ثقافت اور فوجی طاقت کی نمائش کی جا رہی ہے

نئی دہلی: وزیرِاعظم نریندر مودی نے پیر کے روز 77ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس دن کو ہندوستان کی آزادی، آئین اور جمہوری اقدار کی مضبوط علامت قرار دیا اور شہریوں سے ’وکست بھارت‘ کی تعمیر کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنے کی اپیل کی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیرِاعظم نے کہا کہ یومِ جمہوریہ کا موقع اجتماعی عزم میں نئی توانائی اور تازہ جوش و خروش پیدا کرتا ہے، جو ملک کو ترقی کے نئے مرحلے کی جانب لے جا سکتا ہے۔
وزیراعظم مودی نے یومِ جمہوریہ کو قومی یکجہتی، خود اعتمادی اور تعمیرِ وطن کے جذبے کا محرک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں آزادی کی قدر اور آئین کی بالادستی کی یاد دلاتا ہے۔ ان کے مطابق جمہوری اقدار ہی وہ بنیاد ہیں جن پر ایک مضبوط، خود کفیل اور ترقی یافتہ ہندوستان کی عمارت کھڑی کی جا سکتی ہے۔ آزادی اور اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے وزیرِاعظم نے ایک سنسکرت شلوک کا حوالہ بھی دیا، جس میں خود مختاری کو قومی ترقی اور اتحاد کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب 77ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر نئی دہلی کے کرتویہ پتھ پر شاندار پریڈ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں ہندوستان کے ترقیاتی سفر، ثقافتی تنوع اور فوجی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ ہو رہا ہے۔ صدر دروپدی مرمو ان تقریبات کی صدارت کر رہی ہیں، جبکہ یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر اروسولا وان ڈیر لیین مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہیں۔
کرتویہ پتھ کو راشٹرپتی بھون سے نیشنل وار میموریل تک خصوصی انداز میں سجایا گیا ہے، جو ایک قوم کے طور پر ہندوستان کے تاریخی اور عصری سفر کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیرِاعظم مودی نے صبح کے وقت نیشنل وار میموریل کا دورہ کر کے شہید فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، اس کے بعد وہ دیگر معززین کے ساتھ سلامی کے اسٹیج پر موجود رہے۔
روایت کے مطابق قومی پرچم لہرایا جائے گا، قومی ترانہ بجایا جائے گا اور 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی، جس کے بعد صدر جمہوریہ نے پریڈ کا معائنہ کریں گی۔ یومِ جمہوریہ 26 جنوری 1950 کو آئینِ ہند کے نفاذ کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس کے ساتھ ہی ہندوستان ایک خود مختار جمہوریہ کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ یہ قومی تہوار ہر سال عوام میں اتحاد، امید اور ترقی کے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔