بین الاقوامی اداروں پر ٹرمپ کی زبان بول رہے ہیں مودی، دوست کو خوش کرنے کے لیے سب کچھ کر رہے ہیں: کانگریس

جے رام رمیش نے مودی پر ٹرمپ کی زبان بولنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ بین الاقوامی اداروں کی اہمیت کو کم کر رہے ہیں۔ انہوں نے مودی کے بیانات پر طنز بھی کیا اور بہتر حکمرانی پر زور دیا

<div class="paragraphs"><p>جے رام رمیش / آئی اے این ایس</p></div>

جے رام رمیش / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی کے پوڈکاسٹ انٹرویو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خوش کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیموں کو غیر متعلقہ قرار دینے کے معاملے میں مودی، ٹرمپ کی زبان بول رہے ہیں۔

وزیر اعظم مودی نے امریکی پوڈکاسٹر لیکس فریڈمین کو دیے گئے انٹرویو میں کئی ذاتی، سیاسی اور بین الاقوامی معاملات پر بات کی۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر لکھا، ’’وزیر اعظم مودی واضح طور پر ٹرمپ کو خوش کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ وہی عالمی ادارے جو ہندوستان کے لیے مفید رہے ہیں، اب غیر متعلقہ ہو چکے ہیں۔ یہ دراصل امریکی صدر کی زبان ہے۔‘‘


انہوں نے مزید کہا، ’’حقیقت تو یہ ہے کہ خود ٹرمپ ان اداروں کو بے اثر بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور اب وزیر اعظم مودی بھی اپنے 'اچھے دوست' کی پیروی کر رہے ہیں۔‘‘

کانگریس رہنما نے سوال اٹھایا، ’’کیا عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) ہندوستان کے لیے فائدہ مند نہیں؟ کیا عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) ہندوستان کے لیے مفید نہیں؟ کیا پیرس معاہدہ ہندوستان کے لیے اہم نہیں؟ کیا اقوام متحدہ نے اپنی تمام تر خامیوں کے باوجود، ہندوستانی امن فوجیوں کو عالمی مواقع فراہم نہیں کیے؟‘‘

جے رام رمیش نے کہا، ’’کثیر الجہتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے لیکن ٹرمپ اور مودی جس طرح سے ان اداروں کی مکمل مذمت کر رہے ہیں، وہ درست نہیں۔‘‘

انہوں نے مودی کے پوڈکاسٹ میں دیے گئے بیانات پر طنز کرتے ہوئے کہا، ’’تقریباً ایک سال پہلے انہوں نے خود کو 'نان بایولوجیکل' کہا تھا۔ اب وہ کہہ رہے ہیں کہ وہ '1+1' اصول پر یقین رکھتے ہیں، ایک مودی اور دوسرا روحانی۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم ایسی باتیں ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب معیشت سنگین چیلنجوں سے دوچار ہے، پڑوسی ممالک میں عدم استحکام ہے اور عالمی نظام عدم توازن کا شکار ہے۔ کانگریس رہنما نے آخر میں کہا، ’’حکومت کا اصول ہونا چاہیے: کم سے کم خود پسندی، زیادہ سے زیادہ گڈ گورننس۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔