پی ایم مودی رکھنا چاہتے تھے زیور ائیر پورٹ کا سنگ بنیاد، لیکن...

کسانوں کی ناراضگی کی وجہ سے پی ایم نریندر مودی ایک بڑے پروجیکٹ کا سنگ بنیاد نہیں رکھ سکے۔ دراصل گزشتہ تقریباً چھ مہینے سے 200 کسان زیور ائیر پورٹ کی تعمیر کی مخالفت کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کے اعلان سے پہلے تک وزیر اعظم نریندر مودی نے بہت سارے منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھے۔ پی ایم مودی نے گزشتہ 18 دن میں تقریباً 20 کھرب سے زیادہ کے 50 پروجیکٹس لانچ کر دیئے۔ گزشتہ مہینے پی ایم مودی فیتہ کاٹنے میں خوب مصروف رہے۔ کسی بھی منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھناہو یا پھر پورے کیے گئے پروجیکٹ کا افتتاح کرنا ہو، پی ایم مودی کی موجودگی ہر جگہ رہی۔ لیکن کسانوں کی ناراضگی کی وجہ سے نریندر مودی ایک بڑے پروجیکٹ کا سنگ بنیاد نہیں رکھ سکے، اور اس پروجیکٹ کا نام ہے ’زیور ائیر پورٹ‘۔ دراصل گزشتہ تقریباً 170 دنوں سے 200 کسان زیور ائیر پورٹ کی تعمیر کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ان کے احتجاج کی وجہ سے پی ایم نریندر مو دی انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے سے پہلے زیور ائیر پورٹ کا سنگ بنیاد نہیں رکھ سکے۔

غور طلب ہے کہ جمعہ (8 مارچ) کو پی ایم مودی نے نوئیڈا میں کئی پروجیکٹ کی رونمائی کی۔ رونمائی کے دوران اپنی تقریر میں بھی پی ایم نے زیور ائیر پورٹ کا خوب تذکرہ کیا۔ لیکن اس کا سنگ بنیاد نہیں رکھ سکے۔ دراصل مودی حکومت زیور ائیر پورٹ کو لوک سبھا انتخابات میں اپنی حصولیابی دکھا کر اس کا فائدہ اٹھانا چاہتی تھی۔ لیکن احتجاج کر رہے کسانوں کی وجہ سے ان کا خواب حقیقت میں نہیں بدل سکا۔

قابل ذکر ہے کہ مقامی رکن پارلیمنٹ مہیش شرما اور یو پی حکومت نے قبل میں دعویٰ کیا تھا کہ لوک سبھا انتخاب میں ان کا یہ پروجیکٹ 2019 کے انتخاب کی کشش ہوگا۔ ان کی کوشش بھی تھی کہ لوک سبھا انتخاب سے پہلے اس کی تعمیر کا کام شروع ہو جائے، لیکن ایسا نہ ہو سکا۔

واضح رہے کہ دھرنے پر بیٹھے کسان دیہی اراضی کے لیے اراضی حصول ایکٹ کے مطابق سرکل ریٹ کا چار گنا طلب کر رہے ہیں۔ لیکن حکومت تین گنا سرکل ریٹ پر حصول اراضی کی ادائیگی کرنا چاہتی ہے۔ لیکن اس کے لیے کسان رضامند نہیں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔