وزیر اعظم مودی، کانگریس صدر کھڑگے اور راہل گاندھی نے مختلف ریاستوں کے تہواروں پر عوام کو مبارک باد پیش کی
وزیر اعظم نے کہا کہ ’’میری خواہش ہے کہ یہ نیا سال آپ سب کی زندگی میں حوصلہ، خود اعتمادی اور خدمت کے جذبے کو مزید مضبوط کرے اور قوم کی تعمیر کے لیے ہماری کوششوں کو نئی توانائی دے۔‘‘

وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر الگ الگ پیغامات کے ذریعے ملک کے عوام کو روایتی نئے سال کے آغاز اور نوراتری کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس موقع پر حوصلہ، خود اعتمادی، خدمت اور اجتماعی قوم سازی کی اقدار کو اجاگر کیا۔ نئے سال کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ ’’نئے سال کے موقع پر تمام شہریوں کو دلی مبارکباد۔ میری خواہش ہے کہ یہ نیا سال آپ سب کی زندگی میں حوصلہ، خود اعتمادی اور خدمت کے جذبے کو مزید مضبوط کرے اور قوم کی تعمیر کے لیے ہماری کوششوں کو نئی توانائی دے۔‘‘
وزیر اعظم مودی نے نو سموتسر کے موقع پر ایک اور پیغام میں بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والا سال ’’لامحدود خوشیاں، کامیابی اور اچھی صحت لے کر آئے گا اور قوم کی تعمیر کے مشترکہ عزم کو مزید تقویت دے گا۔‘‘ ساتھ ہی نوراتری، جو دیوی طاقت کی عبادت کے لیے 9 روزہ تہوار ہے، کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے عوام کو اپنے خاندان کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ ’’یہ موقع آپ سب کی زندگی میں خوشی، خوش بختی، خوشحالی اور بہترین صحت لے کر آئے۔‘‘
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے لکھا کہ ’’چیترا شکلا دی، گُڑی پڑوا، چیٹی چند، نوہرے اور سجیبو چیراوبا کے پرمسرت موقع پر، جو ہمارے متنوع ملک میں منائے جا رہے ہیں، ہم تمام جشن منانے والوں کو اپنی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ دعا ہے کہ یہ بَہار کے تہوار نئی شروعات کا پیام لائیں، باہمی محبت اور دوستی کے رشتوں کو مضبوط کریں اور ہر گھر کو خوشی اور امید سے بھر دیں۔‘‘
ملکارجن کھڑگے نے ’چیترا نوراتری‘ کا مبارکباد دیتے ہوئے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’طاقت کی علامت ماں درگا کی عبادت کے عظیم تہوار چیترا نورتری کے پرمسرت موقع پر آپ سب کو دلی مبارکباد۔ میری دعا ہے کہ یہ مقدس تہوار آپ سب کی زندگی میں خوشی، سکون اور خوشحالی لے کر آئے اور آدی شکتی کی رحمت ہمیشہ آپ سب پر بنی رہے۔‘‘
وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے علاوہ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے بھی مختلف ریاستوں کے تہواروں پر عوام کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’گُڑی پڑوا، چیترا نورتری، اُگادی، سجیبو چیراوبا، چیٹی چند اور نوہرے کے موقع پر آپ سب کو دلی مبارکباد۔ دعا ہے کہ یہ خوشیوں بھرے تہوار آپ کی زندگی کو خوشی، خوشحالی اور نئی شروعات سے بھر دیں۔‘‘
کانگریس نے بھی اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے مختلف ریاستوں کے تہواروں پر عوام کو مبارک باد پیش کی۔ پارٹی نے لکھا کہ ’’کانگریس خاندان کی جانب سے تمام ہم وطنوں کو چیترا نوراتری کے مبارک موقع پر دلی مبارکباد۔ دعا ہے کہ ماں درگا ہر ایک کی زندگی میں خوشحالی، امن اور ترقی لائیں۔‘‘ ایک دیگر پوسٹ میں لکھا کہ ’’نیا سال مبارک ہو۔ کانگریس خاندان کی جانب سے آپ تمام حضرات کو گڈی پاڑوا، یوگادی اور چیٹی چنڈ کی دلی مبارکباد۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔