وزیر دفاع مچھلی خرید رہے تھے اور مودی جی نے سودا کر لیا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے ایک بار پھر رافیل طیارہ معاہدہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے ان پر طنز کے تیر چلائے ہیں۔

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

کانگریس سربراہ راہل گاندھی کرناٹک دورہ میں بی جے پی پر حملہ کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑ رہے ہیں۔ طویل مدت سے رافیل طیارہ معاہدہ پر مودی حکومت کو نشانہ بنانے والے راہل گاندھی نے آج ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کے تیر برسائے۔ کرناٹک کے سوندتی میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ رافیل معاہدہ سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر دفاع سے بھی کوئی مشورہ نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’وزیر دفاع گوا میں تھے، مچھلی کی دکان میں مچھلی خرید رہے تھے اور ان کو پتہ بھی نہیں تھا کہ مودی جی نے رافیل کا کانٹریکٹ بدل دیا۔‘‘

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
کرناٹک میں انتخابی ریلی کا ایک منظر

راہل گاندھی اتنے پر ہی خاموش نہیں ہوئے، انھوں نے بی جے پی حکمراں ریاست مدھیہ پردیش میں ہوئے ویاپم گھوٹالہ پر بھی سوالیہ نشان لگایا۔ انھوں نے بی جے پی پر مینجمنٹ کو برباد کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مدھیہ پردیش میں ویاپم گھوٹالہ کر کے بی جے پی کے لوگوں نے پورے تعلیمی نظام کو ختم کر دیا۔‘‘

راہل گاندھی کے ذریعہ مودی حکومت پر تنقید کا یہ سلسلہ کرناٹک دورہ کے دوران تیز ہو گیا ہے۔ اتوار کو بھی ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا تھا اور پنجاب نیشنل بینک میں ہوئے گھوٹالہ سے متعلق لوگوں کے سامنے اپنی بات رکھی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’وجے مالیا، نیرو مودی اور للت مودی ملک چھوڑ کر بھاگ گئے، اس وقت ملک کا چوکیدار کیا کر رہا تھا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔