وزیر اعظم مودی آج پہنچیں گے سعودی عرب، ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات؛ حج کوٹے اور کئی اہم معاہدوں پر بات چیت متوقع
وزیر اعظم نریندر مودی دو روزہ دورے پر آج جدہ پہنچیں گے۔ ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات میں حج کوٹے، سرمایہ کاری، توانائی، سائنس اور دیگر شعبوں پر گفتگو ہوگی

وزیر اعظم مودی اور محمد بن سلامن کی فائل تصویر / Getty Images
وزیر اعظم نریندر مودی آج سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر جدہ پہنچ رہے ہیں۔ یہ ان کا سعودی عرب کا تیسرا دورہ ہوگا، اس سے قبل وہ 2016 اور 2019 میں وہاں جا چکے ہیں۔ وزیر اعظم کو یہ دعوت سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان نے دی ہے۔
یہ دورہ کئی لحاظ سے اہم ہے، کیونکہ گزشتہ چالیس برسوں میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ کوئی ہندوستانی وزیر اعظم جدہ شہر کا دورہ کر رہا ہے۔ جدہ کو نہ صرف تجارتی لحاظ سے بلکہ مذہبی اعتبار سے بھی اہم مقام حاصل ہے، کیونکہ یہ مکہ مکرمہ کا داخلی راستہ ہے اور تمام حجاج و معتمرین پہلے یہاں اترتے ہیں۔
وزیر اعظم مودی کے دورے کے پہلے دن ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان کم از کم چھ مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یو) پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔ ان معاہدوں میں توانائی، خلا، صحت، سائنس، ثقافت اور جدید ٹیکنالوجی جیسے شعبے شامل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق، کچھ دیگر معاہدوں پر بھی گفت و شنید جاری ہے جنہیں جلد ہی حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔
وزیر اعظم مودی اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات کے دوران حج امور، خاص طور پر ہندوستانی حجاج کے کوٹے میں اضافے کے مسئلے پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔ ہندوستان کے حج کوٹے میں پچھلے چند برسوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ 2014 میں یہ کوٹا 1,36,020 تھا جو 2025 میں بڑھ کر 1,75,025 ہو چکا ہے۔ تاہم اس سال 42,000 سے زائد عازمین معاہدوں میں تاخیر کے باعث حج پر نہیں جا سکیں گے۔
سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر سہیل اعجاز خان نے بتایا کہ جدہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تجارتی بندرگاہ رہا ہے اور آج بھی دونوں کے درمیان قریبی تعلقات کا مظہر ہے۔
وزیر اعظم مودی بدھ کو ایک ایسی فیکٹری کا بھی دورہ کریں گے جہاں ہندوستانی مزدور کام کر رہے ہیں۔ یہ دورہ ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب اگلے ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی سعودی عرب کا دورہ کرنے والے ہیں۔
اس دورے کے دوران وزیر اعظم مودی اور ولی عہد محمد بن سلمان 2019 میں قائم کی گئی ہند-سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کی دوسری میٹنگ کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔
یاد رہے کہ محمد بن سلمان نے 2023 میں ہندوستان کا سرکاری دورہ کیا تھا اور جی 20 اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ ثقافتی، تجارتی اور اسٹریٹجک تعلقات قائم ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔