زرعی قوانین کی واپسی LIVE: زرعی قوانین کی واپسی تاخیر سے اٹھایا ہوا مگر خوش آئند فیصلہ، چنّی

زرعی قوانین کی واپسی تاخیر سے اٹھایا ہوا مگر خوش آئند فیصلہ، چنّی
وزیر اعلیٰ پنجاب چرنجیت سنگھ چنی نے زرعی قوانین کی واپسی کے مرکزی حکومت کے فیصلہ کو تاخیر سے لیا گیا مگر خوش آئند فیصلہ قرار دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ احتجاج کے دوران ریاست اور کسانوں کو ہونے والے جانی و مالی نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے۔
کسان تحریک ابھی ختم نہیں ہو رہی، آئندہ حکمت عملی کے لئے میٹنگ کریں گے، ٹکیت
کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے کہا، ’’تحریک ختم نہیں ہو رہی۔ آپ سے یہ کس نے کہا کہ تحریک ختم ہو رہی ہے؟ یہ جاری رہے گی، سنیوکت کسان مورچہ کی 9 ممبران پر مشتمل ایک کمیٹی آج میٹنگ کرنے جا رہی ہے۔ ہم قانونی پہلؤں پر غور کریں گے اور جو بھی فیصلہ ہوگا پریس کانفرنس کے ذریعے اس کی اطلاع دی جائے گی۔‘‘
ٹکیت نے مزید کہا کہ حکومت نے ابھی قوانین واپس لینے کا صرف اعلان کیا ہے، اس کے لئے انہیں پارلیمنٹ میں جانا ہوگا۔ اب ایم ایس پی کے حوالہ سے قانون سازی بھی ایک مسئلہ ہے۔ کمیٹی حکومت سے تمام مسائل پر بات چیت کرے گی۔
کسان مخالف قوانین واپس لینے پر وزیر اعظم مودی کا خیرمقدم، کسان مورچہ
سنیوکت کسان موچہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا، ’’ہم تین کسان مخالف قوانین کو واپس لینے پر وزیر اعظم مودی کا استقبال کرتے ہیں۔ پارلیمانی کارروائی کے ذریعے اس اعلان کو عملی جامہ پہنانے تک ہم انتظار کریں گے۔ اگر یہ ہوتا ہے تو یہ ایک سال سے جدوجہد کر رہے کسانوں کے لئے بڑی فتح ہوگی۔‘‘
کسان تحریک فوری واپس نہیں ہوگی، راکیش ٹکیت
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھلے ہی تینوں زرعی قوانین کی واپسی کا اعلان کر دیا ہے لیکن کسان اپنی تحریک کو جلدبازی میں واپس لینے کے موڈ میں نہیں ہے۔ کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے ٹوئٹ کیا، ’’تحریک فوری واپس نہیں ہوگی، ہم اس دن کا انتظار کریں گے جب زرعی قوانین کو پارلیمنٹ کے ذریعے منسوخ کیا جائے گا۔ حکومت ایم ایس پی کے ساتھ ساتھ دوسرے مسائل پر بھی بات چیت کرے۔‘‘
غازی پور بارڈر پر جشن، جلیبی تقسیم
زرعی قوانین کی واپسی پر غازی پور بارڈر پر جشن منایا جا رہا ہے۔ تین قوانین کی خوشی میں یہاں لوگوں میں جلیبی تقسیم کی جا رہی ہے۔
کسانوں نے جن مشکلات کا سامنا کیا، اس کی ذمہ داری کون لے گا، کھڑگے
کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے نے زرعی قوانین کی واپسی کو کسانوں کی جیت قرار دیا اور کہا کہ یہ ان کسانوں کی جیت ہے جو کافی دنوں سے زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے تھے، 700 سے زیادہ کسانوں کی موت ہو گئی۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ مرکز احساس جرم کا شکار ہے۔ لیکن اس دوران کسانوں کو جن مشکلات کا سامنا رہا اس کی ذمہ داری کون لے گا؟ ہم ان مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔
زرعی قوانین کی واپسی: کسانوں نے تکبر کا سر جھکا دیا، راہل گاندھی
وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے تینوں زرعی قوانین کی واپسی کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسانوں نے اپنے عزم سے تکبر کا سر جھکا دیا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’ملک کے انداتا نے ستیہ گرہ سے تکبر کا سر جھکا دیا۔ ناانصافی کے خلاف یہ جیت مبارک ہو! جے ہند، جے ہند کا کسان!‘‘
راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ اپنی ایک پرانی ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں وہ کسانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ میری یہ بات یاد رکھنا کہ حکومت کو ایک دن زرعی قوانین کو واپس لینے پر مجبور ہونا پڑے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔