پی ایم مودی اور راہل گاندھی کی ہوئی ملاقات، نئے سی بی آئی ڈائریکٹر کی تقرری کے لیے تھی میٹنگ
سی بی آئی ڈائریکٹر کی تقرری کابینہ کی سلیکٹ کمیٹی کرتی ہے۔ اس اعلیٰ سطحی کمیٹی میں وزیر اعظم، چیف جسٹس آف انڈیا اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد شامل ہوتے ہیں۔
راہل گاندھی اور پی ایم مودی
کانگریس رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے وزیر اعظم رہائش میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ دونوں لیڈران کی آج ہوئی یہ ملاقات نئے سی بی آئی ڈائریکٹر کی تقرری کے لیے تھی۔ میٹنگ میں پی ایم مودی اور راہل گاندھی کے علاوہ چیف جسٹس آف انڈیا سنجیو کھنہ بھی موجود تھے۔
قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی کے ڈائریکٹر کی تقرری کابینہ کی سلیکٹ کمیٹی (اے سی سی) کرتی ہے۔ اس اعلیٰ سطحی کمیٹی میں وزیر اعظم، چیف جسٹس آف انڈیا اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد شامل ہوتے ہیں۔ یہ کمیٹی سی بی آئی ڈائریکٹر عہدہ کے لیے کسی ایک نام پر مہر لگاتی ہے۔ اس وقت سی بی آئی ڈائریکٹر پروین سود ہیں۔ ان کی مدت کار 25 مئی کو ختم ہونے والی ہے۔ ان کے بعد ملک کے اگلے سی بی آئی ڈائریکٹر کون ہوگا، اس پر تبادلہ خیال جاری ہے۔
پروین سود کو مئی 2023 میں سی بی آئی کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا۔ اس وقت وہ کرناٹک کے ڈی جی پی تھے۔ 25 مئی کو انھوں نے بطور سی بی آئی ڈائریکٹر ذمہ داری سنبھالی تھی۔ اس وقت سود نے سبودھ جیسوال کی جگہ لی تھی۔ پروین سود 1986 بیچ کے کرناٹک کیڈر کے آئی پی ایس افسر ہیں۔ سی بی آئی ڈائریکٹر کی شکل میں سود کی مدت کار 25 مئی 2025 کو ختم ہونے والی ہے۔
واضح رہے کہ سی بی آئی ڈائریکٹر کی تقرر دہلی اسپیشل پولیس اسٹیبلشمنٹ ایکٹ (1946) کے تحت ہوتی ہے۔ 2013 میں اس قانون میں تبدیلی کی گئی تھی۔ بدلاؤ کے تحت سی بی آئی چیف کی تقرری کے لیے 3 اراکین والی کمیٹی کی سفارشات کو لازمی طور سے شامل کیا گیا تھا، جس میں وزیر اعظم، حزب اختلاف کے قائد اور ملک کے چیف جسٹس ہی نام کی سفارش کرتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔