پی ایم مودی و جاپانی وزیراعظم کشیدا کی ملاقات، اقتصادی اور عالمی تعلقات پر کیا تبادلہ خیال

وزارت خارجہ نے کہا کہ جاپان کے ساتھ دوستی کو آگے بڑھانا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا نے نئی دہلی میں نتیجہ خیز بات چیت کی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اور جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا نے ہفتہ کو یہاں حیدرآباد ہاؤس میں ملاقات کی جس میں اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کو مضبوط بنانے سے متعلق مفید بات چیت کی۔ فومیو کشیدا آج دوپہر یہاں پہنچے اور 14ویں ہند-جاپان چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے سیدھے حیدرآباد ہاؤس روانہ ہوگئے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ٹوئٹ کیا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی اور جاپان کے وزیر اعظم کشیدا فومیو کے درمیان میٹنگ کے ساتھ ہندوستان-جاپان 14ویں سالانہ چوٹی کانفرنس شروع ہو رہی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ہندوستان-جاپان شراکت داری کو آگے بڑھانے کی طرف ایک اور قدم – امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے شراکت داری!‘‘


فومیو کشیدا کا قافلہ حیدرآباد ہاؤس پہنچا، جہاں وزیر اعظم مودی نے ان کا استقبال کیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے فوٹوگرافروں کے لئے پوز دیئے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ ’’ایجنڈے میں ہمارے کثیر جہتی دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے‘‘۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ ’’جاپان کے ساتھ دوستی کو آگے بڑھانا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا نے نئی دہلی میں نتیجہ خیز بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ قبل ازیں جاپانی وزیر اعظم کشیدا کا یہاں اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے استقبال کیا۔ واضح رہے کہ جاپان کا وزیر اعظم بننے کے بعد مسٹر کشیدا کا یہ پہلا دو طرفہ غیر ملکی دورہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔