دہلی-این سی آر میں مسلسل بارش سے موسم خوشگوار، شدید گرمی سے راحت

قومی راجدھانی دہلی میں ہفتہ سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو رہی ہے، جس کے سبب لوگوں کو گرمی سے راحت مل گئی ہے

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں بارش، فائل تصویر / یو این آئی</p></div>

دہلی میں بارش، فائل تصویر / یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی-این سی آر میں دو دنوں سے مسلسل بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ ہفتہ سے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ اتوار کی صبح بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعہ کو دن بھر مطلع ابر آلود رہا اور شام ہوتے ہی بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش شروع ہو گئی۔ ہفتہ سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے دہلی-این سی آر کے لوگوں کو گرمی سے کچھ راحت ضرور ملی ہے۔

دہلی میں پچھلے کچھ دنوں سے شدید گرمی تھی۔ دو دن سے جاری بارش سے دہلی-این سی آر کے لوگوں کو راحت ملی ہے۔اتوار کی صبح 4 بجے دہلی کا درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اسی دوران 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی تھیں۔ جہاں ایک طرف بارش سے گرمی سے راحت ملی ہے وہیں دوسری طرف دہلی-این سی آر کے لوگوں کو کئی جگہوں پر پانی جمع ہونے کی پریشانی کا سامنا ہے۔


آئی ایم ڈی نے بدھ کو ہی بارش کے لیے یلو الرٹ جاری کیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں اگلے چند دنوں میں درجہ حرارت میں کمی آئے گی۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دہلی-این سی آر خطہ فی الحال ابر آلود رہے گا۔ دارالحکومت کے کئی علاقوں میں 2 سے 3 گھنٹے تک ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ دہلی میں اس وقت جی-20 سربراہی اجلاس جاری ہے۔ اس دوران مسلسل بارش سے گرمی اور نمی سے راحت ملی ہے۔ اتوار کی صبح سے ہی موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ برطانوی وزیراعظم رشی سنک بارش کے درمیان اکشردھام مندر پہنچے۔ دہلی کے اکشردھام علاقے سے کچھ تصاویر سامنے آئی ہیں، جن میں موسلادھار بارش کو دیکھا جا سکتا ہے۔ دارالحکومت کے دیگر مقامات کے ساتھ ساتھ نوئیڈا میں بھی ہفتہ کی رات سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ بارش کے باعث لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔