کورونا وائرس: سرسہ میں حقہ اور تاش کھیلنے پر پابندی عائد

سرسہ میں اب تک کورونا وائرس کا ایک بھی پازیٹیو کیس سامنے نہیں آیا ہے اورضلع میں اب تک 293 افراد مختلف ممالک سے آئے ہیں، ان تمام کو کوارنٹائن کیا جا چکا ہے۔

فائل تصویر، سوشل میڈیا
فائل تصویر، سوشل میڈیا
user

یو این آئی


کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ہریانہ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے تحت ضلع سرسہ میں اجتماعی طور پر حقہ پینے اور تاش کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

سرسہ کے ڈپٹی کمشنر رمیش چندر وِدھان نے آج شام یواین آئی سے خاص گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گاؤں میں اجتماعی طور پر بیٹھ کر حقہ پینے کی شکایت انھیں موصول ہوئی تھی جس کے بعد اس پر پابندی عائد کی گئی تاکہ وائرس نہ پھیلے۔ اسی طرح تاش کھیلنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کا حکم پورے ضلع کے تمام پنچایتوں کے سرپنچوں کو دیا دیا گیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ سرسہ میں اب تک کورونا وائرس کا ایک بھی پازیٹیو کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں اب تک 293 افراد مختلف ممالک سے آئے ہیں، ان تمام کو کوارنٹائن کیا جا چکا ہے۔ پورے ضلع کو مختلف سیکٹروں میں تقسیم کرکے پولیس کے علاوہ انتظامیہ کے افسران کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کے طور پر لگایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روز کماکر کھانے والوں، مزدور اور غریب طبقے کے افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ضرورت مند افراد کو راشن مہیا کروانے کے لیے انتظام کیا گیا ہے، ضرورت مند افراد میں جگہ جگہ جاکر راشن تقسیم کیا جائے گا۔

انہوں نے ضلع سے ہجرت کرکے جانے والے افراد سے گذارش کی ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں، انتظامیہ کی جانب سے ان کے کھانے پینے اور رہن سہن کا انتظام کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔