’اڈانی‘ جیسی تباہی سے شیئر مارکیٹ کو بچانے کی منصوبہ بندی، سیبی نے نئے اصول و ضوابط کیے تیار!

بدھ کے روز سیبی کی بورڈ میٹنگ ہوئی جس میں فیصلہ لیا گیا ہے کہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن کے حساب سے ملک کی سرکردہ 100 کمپنیاں مارکیٹ میں اٹھنے والی افواہوں پر فوراً بیان دیا کریں گی۔

شیئر بازار، تصویر آئی اے این ایس
شیئر بازار، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہنڈن برگ ریسرچ رپورٹ نے اڈانی گروپ کے شیئرس کو جو جھٹکا دیا ہے، اس سے پورا شیئر مارکیٹ خوف کے سایہ میں مبتلا دکھائی دے رہا ہے۔ اس رپورٹ نے صرف اڈانی گروپ کے شیئرس کی ہی حالت بری نہیں کی، بلکہ اس سے پورے بازار میں گراوٹ کا دور شروع ہو گیا۔ اس کا اثر یہ ہوا کہ شیئرس میں زبردست بکوالی ہوئی اور شیئر مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو نقصان اٹھانا پڑا۔ اب دوبارہ اس طرح کی تباہی شیئر مارکیٹ میں دیکھنے کو نہ ملے، یہ یقینی بنانے کے لیے مارکیٹ ریگولیٹر سیبی کچھ نئے اصول و ضوابط لے کر سامنے آئی ہے۔

بدھ کے روز سیبی کی بورڈ میٹنگ ہوئی جس میں فیصلہ لیا گیا ہے کہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن کے حساب سے ملک کی سرکردہ 100 کمپنیاں مارکیٹ میں اٹھنے والی افواہوں پر فوراً بیان دیا کریں گی۔ یا تو وہ اسے قبول کریں گے، یا اس سے انکار کریں گی۔ ایسا اس لیے تاکہ ان کے شیئرس پر کسی غلط خبر یا افواہ کا غلط اثر نہ پڑے۔ بورڈ میٹنگ کے بعد سیبی نے ایک پریس بیان بھی جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ملک کی سرکردہ 100 کمپنیوں کو یکم اکتوبر 2023 سے بازار میں اڑنے والی افواہوں پر اپنا رد عمل ظاہر کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں یکم اپریل 2024 سے شیئر مارکیٹ کی سرفہرست 250 کمپنیوں کو ایسا کرنا ہوگا۔


سیبی نے یہ فیصلہ کمپنیوں کی کارکردگی میں مزید شفافیت لانے کے لیے کیا ہے۔ اس قدم سے بازار پر افواہوں کا اثر کم ہوگا۔ سیبی نے اس اصول کو بنانے کا مقصد افواہ سے جڑے واقعات کی ’حقیقت کا پیمانہ‘ طے کرنا بتایا ہے۔ حالانکہ سیبی نے اس سلسلے میں فوراً کسی طرح کے میٹرکس جاری نہیں کیے ہیں۔ سیبی نے کمپنیوں کے لیے مزید ایک اصول تیار کیا ہے۔ انھیں بورڈ آف ڈائریکٹرس کی میٹنگ میں ہونے والے فیصلے کی جانکاری 30 منٹ کے اندر ہی اسٹاک ایکسچینج کو دینی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔