بنگلورو سے مالدیپ جا رہے طیارے کا انجن ہوا خراب، کوئمبٹور میں ایمرجنسی لینڈنگ

طیارہ میں 92 مسافر تھے، پائلٹ کو تمل ناڈو شہر کے اوپر پرواز بھرتے وقت دھوئیں کے الرٹ کا پتہ چلا تھا، ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق دو انجنوں کے مبینہ طور پر گرم ہونے کے بعد الارم بجا اور پھر بند ہو گیا

گو فرسٹ
گو فرسٹ
user

قومی آوازبیورو

آج ایک بار پھر طیارے میں تکنیکی خامی کی وجہ سے ایمرجنسی لینڈنگ کی ضرورت پڑ گئی اور ایک بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلورو سے مالدیپ کے مالے جا رہے ’گو فرسٹ‘ کے ایک طیارہ کے انجن میں جمعہ کے روز اچانک تکنیکی خرابی آ گئی۔ انجن کے بہت زیادہ گرم ہونے کا الارم بجنے پر طیارہ کی آناً فاناً میں کوئمبٹور ہوائی اڈے پر ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی۔

بتایا جاتا ہے کہ طیارہ میں 92 مسافر سوار تھے۔ پائلٹ کو تمل ناڈو شہر کے اوپر پرواز بھرتے وقت دھوئیں کے الرٹ کا پتہ چلا تھا۔ پی ٹی آئی کے مطابق دو انجنوں کے مبینہ طور پر گرم ہونے کے بعد الارم بند ہو گیا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ انجینئروں نے انجن کی جانچ کی اور اعلان کیا کہ الارم میں کچھ خرابی ہے اور پھر اعلان کیا کہ طیارہ پرواز بھرنے کے لیے فِٹ ہے۔


’گو فرسٹ‘ کے ترجمان نے بتایا کہ آج دوپہر تقریباً 12 بجے طیارہ ایئربس 320 نے ٹیک آف کیا۔ ایک گھنٹے بعد ہی انجن کے زیادہ گرم ہونے کے الرٹ کی گھنٹی بجنے لگی۔ پائلٹ نے فوراً ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کر قریب کے کوئمبٹور ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔ اس کے بعد طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کروائی گئی۔ طیارہ کے اترنے سے پہلے ہی فائر بریگیڈ اور بچاؤ اہلکار رَنوے کے پاس تعینات ہو گئے تھے۔

’گو فرسٹ‘ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سبھی مسافر بہ حفاظت اتر گئے اور پورے طیارہ کی تلاشی لی گئی۔ غنیمت ہے کہ طیارہ میں آگ لگنے کا کوئی نشان نہیں تھا۔ دوسری طرف ’گو فرسٹ‘ انجینئرنگ ٹیم ابھی طیارے کا تجزیہ کر رہی ہے۔ جانچ پوری ہونے کے بعد ہی اسے شام 5 بجے مالے کے لیے روانہ کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */