طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ، دھماکہ کے بعد لگی آگ، 19 سالہ پائلٹ کی موت
گجرات کے امریلی واقع رہائشی علاقے میں ایک طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ ابتدائی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ یہ طیارہ ایک پرائیویٹ کمپنی کے ٹریننگ سنٹر کا ہے۔ اس حادثے میں 19 سالہ پائلٹ کی موت ہو گئی۔
حادثے کا شکارطیارہ (ویڈیو گریب)
گجرات کے امریلی واقع رہائشی علاقے میں آج ایک طیارہ حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا۔ ابتدائی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ یہ طیارہ ایک پرائیویٹ کمپنی کے ٹریننگ سنٹر کا ہے۔ حادثے میں 19 سالہ پائلٹ کی موت ہو گئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق حادثے کے بعد ایک زور کا دھماکہ ہوا اور پورا طیارہ آگ کی زد میں آ گیا۔ حادثے کے بعد مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پورے علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچ کر راحتی کام میں مصروف ہو گئی۔ پولیس نے مختلف زاویے سے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق امریلی میں ایک پرائیویٹ کمپنی کے ذریعہ پائلٹ ٹریننگ سنٹر چلایا جاتا ہے۔ اس سنٹر میں نئے پائلٹوں کو ٹریننگ دی جاتی ہے۔ اسی ٹریننگ سنٹر کے تحت نوجوان پائلٹ ٹریننگ حاصل کر رہا تھا اور اسی درمیان طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا۔ اب تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ طیارے میں کوئی خرابی تھی یا کسی اور وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ طیارے کے حادثے کی خبر ملتے ہی امریلی کلکٹر اجے دہیا، ایس پی سنجے کھرات اور دیگر افسران فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچے اور پائلٹ کو بچانے کی کوشش کی، لیکن دھماکہ اتنا شدید تھا کہ پائلٹ کی طیارے کے اندر ہی موت ہو گئی۔
حادثے کے حوالے سے ایس پی کھرات نے بتایا کہ واقعہ کے فوراً بعد طیارے میں آگ لگ گئی، جس سے انیکیت نامی شخص کی موت ہو گئی۔ ایس پی کے مطابق طیارے میں ایک شخص سوار تھا۔ امریلی کے ضلع کلکٹر اجے دہیا نے بتایا کہ ٹرینر طیارے میں صرف ایک ٹرینی تھا اور وہ اکیلے پرواز کر رہا تھا۔ طیارہ ایک درخت سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا، غنیمت رہی کہ یہ کسی عمارت سے نہیں ٹکرایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔