دہلی: پزّا بوائے میں کورونا وائرس کی تشخیص سے دہشت، 72 گھر کوارنٹائن

مالویہ نگر علاقہ میں پزا ڈیلیوری کرنے والے ایک شخص میں کووڈ-19 کا پتہ چلا ہے جس کے بعد علاقے میں دہشت کا ماحول ہے۔ گزشتہ 15 دنوں میں جن 72 گھروں میں اس نے پزا ڈیلیوری کی، اسے کوارنٹائن کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی میں کورونا کے مریضوں کی تعداد لگاتار بڑھ رہی ہے اور اس درمیان ایک پزّا ڈیلیوری بوائے کے بھی کورونا پازیٹو ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اس خبر سے پوری دہلی میں دہشت کا ماحول ہے کیونکہ پزّا ان کھانے کی اشیاء میں شامل ہے جو تقریباً ہر گھروں میں پسند کیا جاتا ہے اور آرڈر دے کر منگایا جاتا ہے۔ معاملہ جنوبی دہلی کے مالویہ نگر علاقہ کا ہے جہاں پزا ڈیلیوری بوائے کے کورونا پازیٹو پائے جانے کی خبر کے بعد 72 گھروں کو کوارنٹائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق مالویہ نگر علاقہ میں کورونا پازیٹو اس ڈیلیوری بوائے نے گزشتہ 15 دنوں میں تقریباً 72 گھروں میں پزا کی ڈیلیوری کی تھی۔ اس سلسلے میں پوری تفصیل حاصل کرنے کے بعد مقامی انتظامیہ نے سبھی 72 گھروں کی شناخت کر کے سبھی لوگوں کو کوارنٹائن کا حکم دے دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مالویہ نگر کے پانچ کلو میٹر کے دائرے میں اس ڈیلیوری بوائے نے پزا پہنچایا تھا۔


پزا ڈیلیوری بوائے کے تعلق سے بتایا جا رہا ہے کہ اسے گزشتہ 30 دنوں سے کھانسی اور زکام تھا۔ چونکہ اس نے کہیں باہر کا سفر نہیں کیا تھا اس لیے اس کا کووڈ-19 ٹیسٹ نہیں کرایا گیا تھا۔ لیکن طبیعت زیادہ خراب ہونے پر جب ٹیسٹ کرایا گیا تو اس میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ واقعہ سامنے آنے کے بعد مالویہ نگر علاقہ میں ایک دہشت کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ انتظامیہ ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ جن 72 گھروں کی نشاندہی کی گئی ہے، وہاں کسی بھی طرح کی لاپروائی نہ ہو اور لوگ کوارنٹائن کے ضابطوں پر عمل کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Apr 2020, 11:40 AM