’آئین میں نائب وزیر اعلیٰ جیسا کوئی عہدہ نہیں ہے'، راجستھان میں پی آئی ایل داخل

راجستھان کے نائب وزیر اعلی دیا کماری اور پریم چند بیروا کے خلاف عدالت میں ایک پی آئی ایل دائر کی گئی ہے۔ وکیل نے کہا کہ آئین میں نائب وزیر اعلی جیسا کوئی عہدہ نہیں ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

راجستھان میں جیت کے بعد بی جے پی نے بھجن لال شرما کو وزیر اعلیٰ اور دیا کماری کے ساتھ پریم چند بیروا کو نائب وزیر اعلیٰ بنایا ہے۔ جمعہ کو بھجن لال شرما نے ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ ان کے ساتھ دیا کماری اور پریم چند بیروا نے ڈپٹی سی ایم کے طور پر حلف لیا ہے لیکن دونوں ڈپٹی سی ایم کے حلف کو لے کر ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ دراصل جے پور کے ایک وکیل اوم پرکاش سولنکی نے دونوں نائب وزیر اعلیٰ کے خلاف عدالت میں پی آئی ایل دائر کی ہے۔

وکیل اوم پرکاش سولنکی نے کہا، "میں نے راجستھان کے دونوں نائب وزیر اعلیٰ دیا کماری اور پریم چند بیروا کے خلاف عدالت میں پی آئی ایل دائر کی ہے۔ آئین میں نائب وزیر اعلیٰ جیسا کوئی عہدہ نہیں ہے۔ یہ ایک سیاسی عہدہ ہے اور یہ غیر آئینی ہے۔ "


واضح رہے کہ جمعہ کو جے پور کے البرٹ ہال کے سامنے منعقدہ حلف برداری کے پروگرام میں گورنر کلراج مشرا نے بھجن لال شرما کو وزیر اعلیٰ اور دیا کماری وپریم چند بیروا کو نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف دلایا، جس کے بعد وزیراعلیٰ اور دونوں ڈپٹی وزیراعلیٰ نے ایک ہی دن چارج سنبھال لیا۔ دیا کماری نے جمعہ کی شام رسمی پوجا کے بعد سیکرٹریٹ آفس میں چارج سنبھال لیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما، مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت اور دیگر نے دیا کماری کو مٹھائی کھلا کر مبارکباد دی۔ اس موقع پر بی جے پی کے ریاستی صدر سی پی جوشی موجود تھے۔ دیا کماری نے سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے کا آشیرواد بھی لیا تھا۔


راجستھان کی 200 اسمبلی سیٹوں میں سے 199 پر ہوئے انتخابات میں بی جے پی نے 115 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی، جب کہ کانگریس کو صرف 69 سیٹوں سے ہی مطمئن ہونا پڑا۔ کانگریس امیدوار کی موت کی وجہ سے ریاست کی کرن پور سیٹ کا انتخاب ملتوی کر دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔