یو پی ضمنی انتخاب: پھول پور سے بی جے پی امیدوار نے دھوکہ سے کی دوسری شادی

اتر پردیش کی دو لوک سبھا سیٹوں کے لیے ہونے والے ضمنی انتخابات میں 25 فیصد امیدوار مجرمانہ شبیہ والے ہیں اور ایک بی جے پی امیدوار پر تو ایک بیوی کے رہتے دھوکہ سے دوسری شادی کرنے کا معاملہ تک درج ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کی دو لوک سبھا سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں کل 32 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں سے ایک چوتھائی یعنی 25 فیصد ایسے امیدوار ہیں جن پر مختلف دفعات کے تحت مجرمانہ مقدمے درج ہیں۔ ایسو سی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارم یعنی اے ڈی آر کی اتر پردیش الیکشن واچ نے پیر کو ان ضمنی انتخابات پر اپنی رپورٹ جاری کی۔ لکھنؤ پریس کلب میں جاری رپورٹ میں اے ڈی آر یو پی کے چیف کو آرڈینیٹر سنجے سنگھ نے پھول پور اور گورکھپور پر ہو رہے ضمنی انتخابات کے مدنظر انتخابی میدان میں اترنے والے امیدواروں کی مجرمانہ، معاشی اور تعلیمی پس منظر کی تفصیلات پیش کیں۔

اے ڈی آر کی رپورٹ بتاتی ہے کہ پھول پور سے انتخابی میدان میں اترنے والے بی جے پی امیدوار کوشلیندر سنگھ پٹیل پر پہلی بیوی کے رہتے دھوکہ دے کر دوسری شادی کرنے سمیت دو مجرمانہ معاملے درج ہیں۔ حالانکہ بی جے پی اس مقدمے کو سیاست سے متاثر بتاتی ہے، لیکن ایک لوکل ٹی وی چینل سے بات چیت کے دوران کوشلیندر کی بیوی ریتو سنگھ نے ان پر سنگین الزامات عائد کیے۔ ریتو سنگھ کا الزام ہے کہ کوشلیندر نے ان سے طلاق لیے بغیر ہی دوسری شادی کر لی ہے۔ بھلے ہی بی جے پی اسے سیاست سے متاثر معاملہ بتا رہی ہے لیکن نامزدگی کے ساتھ انتخابی کمشین کو دیے گئے اپنے حلف نامہ میں کوشلیندر سنگھ پٹیل نے خود اعتراف کیا ہے کہ ان پر ایک بیوی کے رہتے دھوکے سے دوسری شادی کرنے کا مقدمہ چل رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
الیکشن کمیشن میں پیش كوشلیندر پٹیل کا حلف نامہ جس میں زیر التواء مقدموں کی تفصیلات درج ہیں

اے ڈی آر کی رپورٹ کے مطابق پھول پور سے ہی آزاد امیدوار کی شکل میں انتخاب لڑ رہے عتیق احمد پر قتل کے 8 معاملے اور قتل کی کوشش کے تین معاملوں سمیت کل 53 مجرمانہ معاملے درج ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دونوں سیٹوں پر کل 32 میں سے 8 امیدواروں نے اپنے اوپر درج معاملوں کو حلف نامہ میں ظاہر کیا ہے۔

اس کے علاوہ ان امیدواروں میں سے 78 فیصد کی عمر 50 سال سے کم ہے لیکن خواتین کی شراکت داری صرف 9 فیصد ہی ہے۔ ساتھ ہی ان 32 میں سے 11 امیدوار کروڑ پتی ہیں۔ سبھی امیدواروں کی اوسطاً ملکیت تقریباً 3.15 کروڑ روپے ہے۔ سب سے زیادہ امیر امیدوار پھول پور سے سماجوادی پارٹی کے ناگیندر پرتاپ پٹیل ہیں۔ ان کی کل ملکیت 33 کروڑ روپے ہے۔ 25 کروڑ روپے کی ملکیت کے ساتھ پھول پور سیٹ کے آزاد امیدوار عتیق احمد دوسرے مقام پر ہیں۔ گورکھپور سے سروودے بھارت پارٹی کے امیدوار گریش نارائن پانڈے 10 کروڑ روپے ملکیت کےساتھ تیسرے سب سے دولتمند امیدوار ہیں۔

ان 32 امیدواروں میں سے 17 امیدوار انکم ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کرتے ہیں، جب کہ 14 امیدواروں نے اپنی آمدنی کا ذریعہ نہیں بتایا ہے۔ پھول پور اور گورکھپور میں انتخاب لڑ رہے 78 فیصد امیدوار نوجوان ہیں جن کی عمر 50 سے کم ہے جب کہ صرف 7 امیدواروں کی عمر 61 سے 70 سال کے درمیان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔