دہلی میں ’پھول والوں کی سیر‘ کے انعقاد کو ہری جھنڈی، ایل جی کی مداخلت سے ملی اجازت

ڈی ڈی اے کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد منتظمین نے مطلع کیا ہے کہ ’پھول والوں کی سیر‘ کا انعقاد اب آئندہ سال فروری-مارچ میں کیا جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>پھول والوں کی سیر، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

دہلی کے ’پھول والوں کی سیر‘ فیسٹیول کی زیر التواء اجازت بالآؒخر مل گئی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کی مداخلت کے بعد دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) نے ’انجمنِ سیرِ گل فروشاں‘ کو اس تاریخی تہوار کو روایتی مقام پر منعقد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ دراصل رواں سال ’پھول والوں کی سیر‘ تہوار کا انعقاد اجازت نہ ملنے کی وجہ سے رکا ہوا تھا۔ اس معاملے میں لیفٹیننٹ گورنر نے سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو فورری طور پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ تحقیقات میں یہ سامنے آیا کہ ڈی ڈی اے کی جانب سے اجازت اس لیے زیر التواء تھی کہ 28 نومبر 2023 کو اس وقت کی عام آدمی پارٹی (عآپ) حکومت کے محکمہ جنگلات اور ماحولیات نے ساؤتھ رِج علاقہ میں ایسے تہواروں کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی تھی۔

واضح رہے کہ  گزشتہ کئی سالوں سے ڈی ڈی اے باقاعدگی سے اس تہوار کے انعقاد کی اجازت دیتی رہی ہے۔ ڈی ڈی اے نے 2024 میں بھی مذکورہ بالا حکومتی حکم کے باوجود ’پھول والوں کی سیر‘  کو منعقد کرانے میں مدد کیا تھا۔ حالانکہ اس بار منتظمین نے تحریری طور پر اجازت کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد لیفٹیننٹ گورنر نے مداخلت کی اور اب اجازت دے دی گئی۔ ساتھ ہی لیفٹیننٹ گورنر نے اس روایت کو اجازت سے محروم کیے جانے پر سخت اعتراض کیا۔ وہ خود گزشتہ 3 سالوں سے اس تہوار کے موقع پر خواجہ بختیار کاکی کی درگاہ اور ماتا یوگمایا مندر دونوں مقام پر ذاتی طور پر حاضر ہوتے رہے ہیں۔


ڈی ڈی نے اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے کا جائزہ لیا کہ ’پھول والوں کی سیر‘ دہلی کی وراثت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی علامت کا انعقاد ہے۔ تفصیلی غور و خوض کے بعد ماحولیاتی تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے مشروط اجازت دی گئی ہے، جس سے ماحولیاتی توازن اور ثقافتی روایت دونوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجازت ملنے کے بعد لیفٹیننٹ گورنر نے اس معاملہ میں غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مفاد عامہ کے خلاف کام کرنے والے کسی بھی افسر کو نہیں بخشا جائے گا۔ دوسری جانب ڈی ڈی اے کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد منتظمین نے مطلع کیا ہے کہ ’پھول والوں کی سیر‘ کا انعقاد اب آئندہ سال فروری-مارچ میں کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔