این سی آر میں یکم جنوری 2026 سے پٹرول-ڈیزل گاڑیاں نہیں کر سکیں گی ڈیلیوری
انتظامیہ نے واضح طور پر کہا کہ 2026 کی ڈیڈ لائن میں کسی بھی صورت توسیع نہیں کی جائے گی۔ اس لیے کمپنیاں اپنی منصوبہ بندی ابھی سے شروع کریں، تاکہ بعد میں انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نوئیڈا قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) میں بڑھتی ہوئی آلودگی کو کنٹرول کرنے اور ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کی سمت میں انتظامیہ کی جانب سے ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) نے نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں ای-کامرس اور آن لائن ڈیلیوری خدمات میں پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کے استعمال پر مکمل طور سے پابندی عائد کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ یہ حکم یکم جنوری 2026 سے نافذ ہوگا۔ اس کے بعد کسی بھی ڈیلیوری کمپنی کو پٹرول-ڈیزل والی بائیک، اسکوٹر، آٹو یا چھوٹے چار پہیہ گاڑیوں (ایل سی وی/ایل جی وی) استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ سی اے کیو ایم کے مذکورہ حکم کا براہ راست اثر سویگی، جومیٹو، بلنکٹ، امیزن اور فلپ کارٹ جیسی بڑی کمپنیوں اور ہزاروں ڈیلیوری پارٹنرس پر پڑے گا، جنہیں اپنے پورے ڈیلیوری فلیٹ کو سی این جی یا الکیٹرک گاڑیوں (ای وی) میں تبدیل کرنا ہوگا۔ ہدایات کے مطابق ڈیلیوری خدمات میں شامل ہر دو پہیہ، تین پہیہ اور چھوٹے کمرشیل گاڑیوں کو ’کلین فیول‘ (صاف ایندھن) پر چلاتے ہوئے ہی سڑکوں پر اترنے کی اجازت ملے گی۔
مذکورہ ہدایات کو نافذ کرنے کی تیاریوں کے متعلق نوئیڈا اے آر ٹی او دفتر سیکٹر-32 میں ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔ میٹنگ کی صدارت اے آر ٹی او (انتظامیہ) نند کمار نے کی، جبکہ اے آر ٹی او ونے کمار سنگھ سمیت آن لائن ڈیلیوری خدمات سے منسلک مختلف کمپنیوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ افسران نے واضح طور پر کہا کہ 2026 کی ڈیڈ لائن میں کسی بھی صورت توسیع نہیں کی جائے گی۔ اس لیے کمپنیاں اپنی منصوبہ بندی ابھی سے شروع کریں، تاکہ بعد میں انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
رپورٹس کے مطابق اے آر ٹی او (انتظامیہ) نند کمار نے بتایا کہ یہ قدم صرف نقل و حمل کے نظام کو بدلنے کے لیے نہیں ہے، بلکہ شہر کی بگڑتی ہوئی ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک ضروری اور سخت قدم ہے۔ پٹرول-ڈیزل گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں آلودگی کی ایک بڑی وجہ ہے اور ڈیلیوری گاڑیوں کی تعداد زیادہ ہونے کے سبب یہ آلودگی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ایسے میں 2026 سے صرف سی این جی اور الیکٹرک ڈیلیوری گاڑیوں کو ہی اجازت ملنے کی وجہ سے شہر کی ہوا کے معیار کے بہتر ہونے کی امید ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ڈیزل-پٹرول کمپنیوں کی پابندی کے فیصلے کے بعد نوئیڈا-گریٹر نوئیڈا کے ڈیلیوری سسٹم کی پوری تصویر ہی بدل جائے گی۔ آنے والے وقت میں سڑکوں پر صرف سائلنٹ، گرین اور ماحول دوست ڈیلیوری گاڑیاں ہی سامان پہنچاتی ہوئی نظر آئیں گی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ تبدیلی ابتدائی مراحل میں کمپنیوں کے لیے چیلنجنگ ضرور ہوگی، لیکن طویل مدت میں یہ قدم ماحولیات اور شہریوں دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔