گرین پٹاخے جلانے کی اجازت، ’سپریم‘ فیصلے سے دہلی میں جشن دیوالی کی خوشیاں ہوئیں دوبالا

جی این سی ٹی ڈی نے 2024 میں پٹاخوں پر مکمل پابندی عائد کی تھی لیکن اب دہلی اور مرکزی حکومتوں نے اس پابندی میں نرمی کی تجویز پیش کی ہے۔ عدالت نے کہاکہ پچھلے 6 سالوں میں گرین پٹاخوں میں بہتری ہوئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 قومی تیوہار دیوالی کے موقع پر پٹاخے جلاکر جشن منانے پر جاری رسہ کشی کے دوران سپریم کورٹ کے ایک اہم فیصلے نے پٹاخوں میں دلچسپی رکھنے والوں کی خوشیاں دوبالا کردی ہیں۔ بتادیں کہ اس دیوالی پر دہلی-این سی آر میں گرین پٹاخوں کا استعمال کیا جاسکے گا۔ اس سلسلے میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے آج اپنے حکم میں کہا کہ دیوالی کے دو دن پہلے اور دیوالی کے دن یعنی 18 سے 21 اکتوبر 2025 تک صرف صبح 6 بجے سے شام 7 بجے اور رات 8 بجے سے 10 بجے رات  تک گرین پٹاخے جلائے جاسکتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ ماحولیات کے تحفظ اور آبادی کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ پٹاخوں کی وجہ سے لوگوں کو سنگین نقصان ہوتا ہے۔ اس لیے تشویش اور جشن منانے کے حقوق کے درمیان توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔ یہ حکم ارجن گوپال کی درخواست پر چیف جسٹس بی آر گاوائی کی عدالت میں ایک امیکس کیوری کی طرف سے اٹھائے گئے سنگین خدشات اور پٹاخوں کی اسمگلنگ کے معاملات کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے۔


عدالت عظمیٰ نے کہاکہ پچھلے 6 سالوں میں گرین پٹاخوں میں بہتری ہوئی ہے۔ جی این سی ٹی ڈی نے 2024 میں پٹاخوں پر مکمل پابندی عائد کی تھی لیکن اب دہلی اور مرکزی حکومتوں نے اس پابندی میں نرمی کی تجویز پیش کی ہے۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی ہدایت دی کہ صرف این ای ای آرآئی سے تصدیق شدہ گرین پٹاخوں کو فروخت اور استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ ان پٹاخوں پر ’کیوآر‘ کوڈ لازمی ہوگا اور دیگر پٹاخوں کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عدالت نے خبردار کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

سپریم کورٹ نے پولیس افسران کو گشتی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم بھی دیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ صرف تصدیق شدہ گرین پٹاخے ہی فروخت اور استعمال کیے جائیں، خلاف ورزی کرنے والوں کو نوٹس جاری کیاجائے گا۔ واضح رہے کہ ہریانہ کے 22 اضلاع میں سے 14 این سی آر میں آتے ہیں اور اسی طرح کی درخواستیں اتر پردیش اور راجستھان نے بھی دائر کی تھیں۔ عدالت نے کہا کہ عام لووں اور صنعت کے حقوق کے درمیان توازن برقرار رکھا جانا چاہیے اور اس دیوالی پر صرف محفوظ اور ماحول دوست گرین پٹاخوں کے استعمال کی اجازت دی جارہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔