عوام نے گورکھپور میں یوگی کو ٹھکرایا، اب وارانسی میں ہوگی مودی کی تاریخی شکست: مایاوتی

مایاوتی نے کہا کہ جب سے مودی اور یوگی اس علاقہ کی نمائندگی کر رہے ہیں تبھی سے پوروانچل کے ساتھ ناانصافی ہوئی، یوگی کو تو گورکھپور نے ٹھکرا دیا ہے اور اب وارانسی میں مودی کی ہار ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے وزیر اعظم مودی پر ایک بار پھر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’وزیر اعظم مودی کا گجرات ماڈل یو پی کے پوروانچل کی بھی غریبی، بے روزگاری اور پسماندگی کو دور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا، جو سخت وعدہ خلافی ہے۔ مودی-یوگی کی ڈبل انجن والی حکومت نے ترقی کے بجائے فرقہ وارانہ جنون، نفرت اور تشدد ہی اس ملک کو دیا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔


انہوں نے مزید کہا، ’’پوروانچل کے ساتھ یہ وعدہ خلافی اور دھوکہ دہی جب ہوئی جب وزیر اعظم مودی اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اسی علاقہ کی نمائندگی کرتی ہیں۔ یوگی کو تو گورکھپور نے ٹھکرا دیا ہے، تو کیا ایسے حالات میں مودی کی جیت سے زیادہ وارانسی میں ان کی ہار تاریخی نہیں ہوگی؟ کیا وارانسی 1977 کا رائے بریلی دوہرائے گا؟‘‘


قبل ازیں، جمعرات کو مایاوتی نے بنگال کے تشدد کو لے کر وزیر اعظم اور امت شاہ کو ہدف تنقید بنایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا، ’’ملک میں جب سے لوک سبھا انتخابات کا اعلان ہوا ہے تبھی سے بالخصوص بنگال میں آئے دن کوئی نہ کوئی واقعہ پیش آجاتا ہے جس کے لئے بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ ذمہ دار ہیں۔ ‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’اس انتخاب میں جہاں تک بنگال میں آئے دن انتخابی تشدد اور وبال وغیرہ ہونے کا سوال ہے تو یہ واضح ہے کہ وزیر اعظم مودی اور ان کے چیلے امت شاہ کی قیادت میں ان کی پوری پارٹی نے سوچی سمجھی سازش کے تحت ممتا بنرجی حکومت کو نشانہ پر لیا ہوا ہے۔ ‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 May 2019, 4:10 PM