’لاک ڈاؤن کے دوران موسیقی سنیں، یوگا کریں، خبریں کم ہی دیکھیں‘

جموں وکشمیر حکومت نے بلیٹن میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے آپ کو تفریحی سرگرمیوں میں مصروف رکھیں جن میں گیم کھیلنا، موسیقی سننا، پڑھائی لکھائی اور دیگر کام شامل ہیں تاکہ بوریت کو کم کیا جاسکے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جموں وکشمیر حکومت نے لوگوں کو کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران اپنے آپ کو تفریحی سرگرمیوں بشمول گیم کھیلنے، موسیقی سننے اور پڑھائی لکھائی میں مصروف رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ نیز ہلکی پھلکی ورزش کے ساتھ ساتھ یوگا کرنے کی بھی صلاح دی ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ زیادہ خبریں سننے میں اپنا وقت صرف نہ کریں کیونکہ اس سے ذہنی کیفیت متاثر ہوتی ہے۔

حکومت کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر جاری ہونے والے کورونا وائرس بلیٹن میں لوگوں سے کہا گیا کہ وہ گھروں میں ہی رہیں اور سماجی دوری کو برقرار رکھیں۔ اُن سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ سفری تفاصیل یا مثبت معاملے کے ساتھ رابطے کو رضاکارانہ طور پر رپورٹ کریں۔


بلیٹن میں لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کووڈ 19 کے پھیلاﺅ کے دوران اپنا خاص خیال رکھیں۔ اس دوران وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ معیاری وقت گزاریں اور افراد خانہ کے ساتھ بات چیت کریں تاکہ تناؤ میں کمی لائی جاسکے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اُن سے دُور افراد خانہ کے ساتھ فون کال یا ویڈ یو کال کے ذریعے رابطے میں رہیں۔

بلیٹن میں لوگوں سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ اپنے آپ کو تفریحی سرگرمیوں میں مصروف رکھیں جن میں گیم کھیلنا، موسیقی سننا، پڑھائی لکھائی اور دیگر کام شامل ہیں تاکہ بوریت کو کم کیا جاسکے۔ بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ لوگ ہلکی پھلکی ورزش کرنے کے ساتھ ساتھ یوگا کریں یا گھروں میں ہی چہل قدمی کریں جسے جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت کو برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ لوگ بوریت کو کم کرنے کے لئے گارڈنگ، صفائی ستھرائی کرنے کے علاوہ پکوان بھی تیار کرسکتے ہیں۔


لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ زیادہ خبریں سننے میں اپنا وقت صرف نہ کریں کیونکہ اس سے ذہنی کیفیت متاثر ہوتی ہے۔ عوام کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور اسپتالوں کا دورہ نہ کریں اور بخار، کھانسی یا سانس لینے میں مشکل آنے کی صورت میں ہی طبی صلاح لیں۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے ہیلپ لائین نمبروں پر صلاح و مشورہ کے لئے رابطہ قائم کریں۔

لوگ کسی بھی ایمرجنسی کے دوران چوبیس گھنٹے کام کرنے والی مفت ایمبولنس خدمات سے اپنی دہلیز پر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس ایمبولنس خدمت کا ٹول فری نمبر ہے 108۔ حاملہ خواتین اور بیمار بچے ٹول فری نمبر 102 پر کال کر کے مفت ایمبونس خدمات سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ لوگ عام قومی سطح کے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 1075 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔


ذاتی صفائی ستھرائی کے حوالے سے ایڈوائزری میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بار بار صابن اور پانی سے ہاتھ دھوئیں اور کھانسی یا چھینکتے وقت اپنا منھ ڈھانپ لیں۔ لوگوں سے کہا کیا ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کی جانے والی ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں۔ لوگوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ سرکار کی جانب سے فراہم کی جانے والی جانکاری پر ہی بھروسہ کریں۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ نہ افواہیں پھیلائیں اور نہ اُن پر کان دھریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔