’کمبھ سے لوٹنے والے لوگ پرساد کی طرح کورونا باٹیں گے!‘ دہلی سمیت متعدد ریاستوں میں رہنما ہدایات جاری

دہلی سمیت کئی ریاستوں کی حکومتوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمبھ میں شرکت کے بعد لوٹنے والے افراد کو براہ راست اپنے آبائی مقام پر جانے کی اجازت نہ دی جائے بلکہ انہیں قرنطینہ میں رکھا جائے

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: اتراکھنڈ کے شہر ہریدوار میں منعقد ہونے والے کمبھ کے میلہ سے شرکت کے بعد اپنی ریاستوں کو لوٹنے والے عقیدتمندگان سے کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ قومی راجدھانی دہلی سمیت کئی ریاستوں کی حکومتوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمبھ میں شرکت کے بعد لوٹنے والے افراد کو براہ راست اپنے آبائی مقام پر جانے کی اجازت نہ دی جائے بلکہ انہیں کچھ روز تک قرنطینہ میں رکھا جائے۔

ممبئی کے میئر نے تو اپنے بیان میں یہاں تک کہا ہے کہ کمبھ سے واپس لوٹنے والے لوگ اب کورونا وائرس کی بیماری کو پرساد کی طرح باٹئیں گے لہذا انہیں قرنطینہ میں رہنما ہوگا۔

دہلی منیجمنٹ اتھارٹی کے ایک حکم میں کہا گیا ہے کہ ہریدوار کے کمبھ میلہ میں شرکت کے بعد لوٹنے والے دہلی کے تمام رہائشیوں کی قومی راجدھانی آمد پر لازمی طور پر 14 دن تک گھر پر قرنطین رہنا ہوگا۔ 4 اپریل سے 30 اپریل تک جو لوگ بھی کمبھ سے لوٹیں گے ان سبھی کو اپنی تفصیلات مثلاً نام، دہلی کا پتہ، رابطہ کا نمبر، آئی ڈی پروف، دہلی سے جانے اور یہاں آنے کی تاریخ، دہلی حکومت کے پورٹل پر اپلوڈ کرنا ہوں گی۔


ادھر، مدھیہ پردیش حکومت نے کمبھ سے واپس آنے والے ریاست کے شہریوں کے لئے رہنما ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنی تفصیلات ضلع مجسٹریٹ کو دینی ہوں گی اور ان کا ایک ہفتہ تک ہوم آئسولیشن میں رہنا لازمی ہوگا۔

گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے گزشتہ روز ضلع مجسٹریٹوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ گجرات کے وہ عقیدت مند جو کمبھ میلے میں گئے تھے انہیں اپنے گاؤں میں براہ راست داخل ہونے کیا اجازت نہ دی جائے اور ان سبھی کا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے۔ جو لوگ کورونا سے متاثر پائے جائیں گے انہیں 14 دن کے لئے تنہائی میں رکھا جائے گا۔ اس سے قبل بھی کرناٹک حکومت نے ہریدوار سے لوٹنے والے عقیدت مندوں کو آئسولیشن کے تحت الگ تھلگ رہنے کی صلاح دی تھی۔

دریں اثنا، ممبئی عظمیٰ میونسپل کارپوریشن کی میئر کشوری پیڈنیکر نے ممبئی میں کورونا کے بڑھتے معاملات کے مدِ نظر کمبھ میلے سے لوٹ رہے لوگوں کو کوارنٹائن کرنے کی بات کہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کمبھ سے لوٹنے والے عقیدت مندوں کو ممبئی کی ہوٹلوں میں کوارنٹائن کیا جائیگا اور سرکار اس کا خرچ برداشت نہیں کرے گی۔ ان افراد کو خود اپنا خرچ برداشت کرنا پڑے گا۔

کشوری پیڈنیکر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کمبھ میلے سے لوٹنے والے لوگ اپنی اپنی ریاست میں کورونا کو پرساد کی طرح بانٹیں گے، اس لئے انہیں خود اپنے خرچ پر کوارنٹائن ہونے کی ضرورت ہے۔


واضح رہے کہ کمبھ میلے میں یکم اپریل سے 15 اپریل کے درمیان 17 سو سے زیادہ افراد کورونا مثبت پائے گئے ہیں، جبکہ گزشتہ روز یہاں 175 سادھو-سَنت انفیکشن کے شکار پائے گئے۔ ہریدوار کے چیف میڈیکل افسر ایس کے جھا نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں بتایا کہ ’’آج کمبھ میلے میں حصہ لینے والے 175 سادھوؤں کو کورنا ٹیسٹ میں پازیٹو پایا گیا ہے۔ اب تک کمبھ میں آئے 229 سادھوؤں کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آ چکا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Apr 2021, 10:11 AM