دہلی: مدن پور کھادر میں تجاوزات ہٹانے کی مہم کے خلاف لوگوں کا احتجاج، رکن اسمبلی امانت اللہ خان گرفتار

میڈیا سے بات کرتے ہوئے امانت اللہ خان نے ایم سی ڈی پر غریبوں کے گھر گرانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی گرفتاری سے لوگوں کے گھر بچ سکتے ہیں تو وہ جیل جانے کے لئے تیار ہیں۔

مدن پور کھادر میں تجاوزات مخالف مہم / آئی اے این ایس
مدن پور کھادر میں تجاوزات مخالف مہم / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی کے مدن پور کھادر علاقہ میں جمعرات کے روز تجاوزات ہٹانے کے لئے پہنچی ایم سی ڈی کی ٹیم کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا، جس کے بعد علاقہ کا ماحول کشیدہ ہو گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا۔ رپورٹ کے مطابق مظاہرین کی جانب سے تجاوزات ہٹانے کے لئے پہنچے عملہ پر پتھراؤ کیا گیا، جس کے بعد حالات بے قابو ہو گئے۔

دریں اثنا، لوگوں کی حمایت کے لئے موقع پر پہنچے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو حراست میں لے لیا گیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے امانت اللہ خان نے ایم سی ڈی پر غریبوں کے گھر گرانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی گرفتاری سے لوگوں کے گھر بچ سکتے ہیں تو وہ جیل جانے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا ’’آپ نے کہا تھا کہ آپ تجاوزات ہٹائیں گے، اس میں آپ کے ساتھ ہوں لیکن آپ غریبوں کے گھر گرا رہے ہیں۔ اس علاقہ میں ایک بھی تعمیر غیر قانونی نہیں ہے۔‘‘


قبل ازیں، کنچن کنج نامی عمارت کو ایم سی ڈی نے منہدم کر دیا۔ اس کارروائی کے بعد مقامی خواتین نے کہا کہ پولیس نے ان کے ساتھ پہلے مارپیٹ کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس خواتین پر ڈنڈے چلا رہی تھی، آخر وہ اپنے گھر کو چھوڑ کر کہاں جائیں! پولیس پبلک کو کمزور بنا رہی ہے، پولیس ہماری حفاظت کے لئے ہے یا ہمیں مارنے کے لئے!

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس نے پورے علاقہ کو اپنے حصار میں لے لیا ہے، جبکہ پتھراؤ کرنے کے کچھ ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ علاقے میں صورت حال کشیدہ بنے ہوئے ہیں۔ پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بڑے پیمانے پر تعیناتی کی گئی ہے۔ اسی کے ساتھ علاقہ میں فلیگ مارچ بھی کیا جا رہا ہے۔


دریں اثنا، دہلی کے روہنی علاقہ میں کے این کاٹجو روڈ پر بھی بلڈوزر کے ذریعے تجاوزات ہٹانے کی کارروائی انجام دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق یہاں پر جھگیوں کو فٹ پاتھ یعنی سرکاری زمین پر بنایا گیا تھا۔ جب غیر قانونی جھگیوں کو ہٹانے کے لئے ایم سی ڈی کے عہدیداران موقع پر پہنچے تو لوگوں نے احتجاج کرنا شروع کر دیا۔ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن نے دیگر محکموں کے ساتھ ان کے دائرہ اختیار میں آنے والی سرکاری اراضی، فٹ پاتھ اور پیدل راستہ سے تجاوزات ہٹانے کے لئے بڑے پیمانھے پر مہم چلائی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔