گجرات پل حادثہ: ’لوگ جان دے کر چکا رہے ہیں کرپشن کی قیمت‘، کیجریوال کا سخت ردعمل
کیجریوال نے گجرات پل حادثے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ لوگ کرپشن کی قیمت اپنی جان گنوا کر چکا رہے ہیں، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / آئی اے این ایس
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے گجرات کے وڈودرا ضلع میں مہی ساگر ندی پر واقع گمبھیرا پل گرنے کے حادثے پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے گجرات حکومت پر بدعنوانی اور لاپرواہی کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پل حادثے کو افسوسناک اور دل دہلا دینے والا قرار دیا اور حکومت سے سخت سوالات کیے۔
کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’گجرات میں یہ حادثہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔ خدا مہلوکین کی روح کو سکون دے اور ان کے اہل خانہ کو یہ تکلیف برداشت کرنے کی طاقت دے۔ میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں لیکن اس وقت ایک اہم سوال اٹھانا ضروری ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30 برس سے گجرات میں اقتدار پر قابض بی جے پی یہ بتائے کہ ریاست میں بار بار غیرمعیاری اور خطرناک پل کیوں بنائے جا رہے ہیں، جو وقت سے پہلے ہی گر جاتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناک کے نیچے جو لاپرواہی اور بدعنوانی ہو رہی ہے، اس کا خمیازہ عام شہریوں کو اپنی جان دے کر بھگتنا پڑ رہا ہے۔
کیجریوال نے مطالبہ کیا کہ پل حادثے کے لیے جو بھی ذمہ دار ہیں، چاہے وہ کتنے ہی بااثر اور طاقتور کیوں نہ ہوں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صرف سخت قدم اٹھا کر ہی معصوم جانوں کو محفوظ کیا جا سکتا ہے۔
عام آدمی پارٹی کی گجرات یونٹ کے انچارج گوپال رائے نے بھی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’گجرات میں بی جے پی کا نام نہاد ترقیاتی ماڈل ایک بار پھر زمین بوس ہو گیا ہے۔ وڈودرا اور آنند کو جوڑنے والا پل درمیان سے ٹوٹ گیا، کئی گاڑیاں اور انسان ندی میں جا گرے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ گجرات میں اس سے پہلے بھی موربی پل حادثہ، راجکوٹ آتشزدگی اور سورت کا ٹکشیلا واقعہ جیسے سانحات ہو چکے ہیں، جن میں بی جے پی حکومت کی لاپرواہی اور کرپشن کے باعث سینکڑوں جانیں جا چکی ہیں۔ گوپال رائے نے کہا کہ گجرات اب یہ سب برداشت نہیں کرے گا اور جلد تبدیلی آئے گی۔
قابل ذکر ہے کہ بدھ کے روز گجرات کے وڈودرا ضلع کے پدارا علاقے میں واقع گمبھیرا پل اچانک گر گیا، جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور کم از کم 6 زخمی ہو گئے۔ حادثے کے وقت پل پر کئی گاڑیاں موجود تھیں، جو ندی میں گر گئیں۔ مقامی انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا لیکن عوامی سطح پر حکومت کی کارکردگی اور احتساب پر کئی سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔