کشمیر: دفعہ 370 ہٹنے کے بعد ٹیلی مواصلات پر پابندی سے لوگ ناراض

جب احمد نامی ایک شخص نے اپنے ضعیف والدین کو دیکھا تو اس کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ آئندہ ہفتہ اس کی شادی ہونی ہے، لیکن ٹیلی مواصلات خدمات پر پابندی کے سبب شادی کی تیاریوں میں پریشانیاں درپیش ہیں۔

علامتی تصویر (سوشل میڈیا)
علامتی تصویر (سوشل میڈیا)
user

قومی آوازبیورو

عمران احمد کے لیے اپنی فیملی سے ملنا ایک جذباتی لمحہ تھا۔ 32 سال کے عمران ممبئی میں کشمیری ہینڈی کرافٹ کا سامان فروخت کرتے ہیں۔ وہ پیر کے روز ہاول واقع اپنے گھر لوٹے۔ جموں و کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والی دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد ریاست میں سیکورٹی انتظام سخت کر دیے جانے اور ٹیلی مواصلات پر پابندی لگائے جانے سے وہ پندرہ دنوں سے کشمیر میں اپنی فیملی سے رابطہ نہیں کر پائے تھے۔ جب احمد نے اپنے ضعیف والدین کو دیکھا تو اس کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ ساتھ ہی وہ اپنے دو تین سال کے بھتیجوں کے ساتھ لپٹ گئے۔ آئندہ ہفتہ احمد کی شادی ہونے جا رہی ہے، لیکن ٹیلی مواصلات خدمات پر پابندی کے سبب ان کی شادی کی تیاری میں مشکلات سامنے آ گئی ہیں۔

حالانکہ موجودہ حالات میں کشمیر میں زیادہ شادیاں منسوخ ہو گئی ہیں، لیکن احمد ایسا نہیں کرنا چاہتے تھے۔ انھوں نے اپنی شادی کی تقریب کو چھوٹا رکھنے کا منصوبہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ٹیلی مواصلات خدمات کے بغیر زندگی مشکل ہو گئی ہے۔ ایسے حالات میں کوئی تقریب کی بات بھلا کیسے سوچ سکتا ہے؟ تقریب بہت معمولی رہے گی۔‘‘ احمد کے پڑوسی بھی ناراض ہیں۔ غلام محی الدین نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’کشمیر میں ایسا کبھی نہیں ہوا تھا۔ ہم پنجڑے میں قید ہیں۔‘‘


دیگر لوگوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سختی کے حکم سے ناراضگی بڑھ رہی ہے۔ محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ’’کشمیر میں مایوسی بڑھ رہی ہے اور لوگوں کے اُکساوے کی یہ بڑی وجہ ہے۔‘‘ سری نگر کے بٹمالو علاقہ واقع فردوس آباد کے باشندہ عبدالمجید جیسے کچھ لوگوں کی شکایت ہے کہ جو لینڈ لائنیں کچھ ہی دن پہلے شروع ہوئی تھیں، وہ پھر بند ہو چکی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ مذاق ہے۔ ہمارے علاقے میں جو لینڈ لائنیں بحال ہوئی تھیں، وہ کچھ گھنٹے تک چلیں اور پھر بند ہو گئیں۔ ریڈیو کا بند ہونا ناقابل برداشت ہو گیا ہے۔‘‘

سرکاری ترجمان روہت کنسل کا اس سلسلے میں خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کہنا ہے کہ ’’حکومت نے ٹیلی مواصلات خدمات پر جزوقتی پابندی لگائی ہے، اور سبھی لینڈ لائن خدمات کو بحال کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ ریاست میں 96 ہزار لینڈ لائن میں سے 73 ہزار لینڈ لائن کام کرنے لگی ہیں۔‘‘ کنسل نے مزید کہا کہ ’’ہمیں شکایتیں ملی ہیں کہ کچھ لینڈ لائنیں کام نہیں کر رہی ہیں۔ ہم نے یہ مسئلہ بی ایس این ایل کے پاس اٹھایا ہے۔ ان کی صلاحیت کو لے کر کچھ پریشانی ہے، لیکن وہ اس سمت میں کام کر رہے ہیں۔ وعدوں کے مطابق لینڈ لائنیں بحال ہو جائیں گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Aug 2019, 10:10 AM
/* */