دہلی-این سی آر کے لوگوں کو زہریلی ہوا سے راحت نہیں، اے کیو آئی خراب حالت میں برقرار
اے کیو آئی سی این سائٹ کے مطابق صبح 7.30 بجے دہلی کے آنند وِہار میں سب سے زیادہ 521 اے کیو آئی درج کیا گیا ہے۔ جمعہ کو دہلی کا 24 گھنٹے کا اوسط اے کیو آئی331 ریکارڈ ہوا۔

فائل تصویر سوشل میڈیا
راجدھانی دہلی کے باشندوں کو زہریلی ہوا سے فی الحال راحت ملتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ ہفتہ کو بھی یہاں کا ایئر کوالیٹی انڈیکس (اے کیو آئی) سنگین زمرے میں ہی رہا۔ اے کیو آئی سی این سائٹ کے مطابق آج صبح قریب ساڑھے سات بجے دہلی کے آنند وِہار میں سب سے زیادہ 521 اے کیو آئی درج کیا گیا۔ دہلی کی ہوا زہریلی ہونے سے لوگوں کو سانس لینے میں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس سے ان کی صحت پر مضر اثرات مرتب ہونے کا خدشہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ اس دوران دہلی کا اے کیو آئی جمعہ کو لگاتار چھٹے دن انتہائی خراب' زمرے میں رہا۔
درجہ حرارت کی بات کی جائے تو ہفتہ کو اس موسم کی سب سے ٹھنڈ صبح رہی اور درجہ حرارت ساڑھے نو ڈگری سیلسیس تک نیچے چلا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی صبح کے درجہ حرارت سے ایک ڈگری نیچے درج ہوا جو اس موسم کا سب سے کم ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق جمعہ کو دہلی کا 24 گھنٹے کا اے کیو آئی شام 4 بجے تک 331 ریکارڈ کیا گیا۔
دہلی این سی آر کے مُنڈکا میں اے کیو آئی 604، آنند وِہار میں 521، وزیر پور میں 348، اشوک وِہار میں 315، سول سائنس میں 167، آئی ٹی آئی جہانگیر پوری میں 386، پوسا میں 236، شاہدرہ میں 350، سونیا وِہار میں 302، آر کے پورم میں 298، سیکٹر 125 نوئیڈا میں 184، سیکٹر 116 نوئیڈا میں 253 اور سنجے نگر غازی آباد میں 153 درج کیا گیا۔
جمعہ کو 37 نگرانی اسٹیشنوں میں سے 2 پر ہوا کا معیار 400 سے اوپر 'سنگین' زمرے میں رہا۔ بوانا کا اے کیو آئی 416 اور مُنڈکا کا 402 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ گزشتہ تین دنوں میں کوئی بھی اسٹیشن 'سنگین؛ زمرے میں نہیں تھا۔ سی پی سی بی کے قریب ایپ کے مطابق باقی اسٹیشنوں میں سے 26 میں 'انتہائی خراب' اور 9 میں 'خراب' اے کیو آئی درج ہوا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔