دہلی کے عوام کو کیجریوال کی حلف برداری تقریب میں شامل ہونے کی دعوت

دہلی اسمبلی کی 70 سیٹوں کے لئے 11فروری کو آئے نتائج میں کیجریوال کی عام آدمی پارٹی نے ایک بار پھر تاریخی جیت حاصل کی ہے۔ اس بار عام آدمی پارٹی نے 62 سیٹیں جیتی ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے دارالحکومت کے عوام سے اتوار کو ان کے وزیراعلی کے عہدہ کی حلف برداری تقریب میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں رام لیلا میدان پہنچنے کی دعوت دی ہے۔ کیجریوال کو کل یہاں نومنتخب اراکین اسمبلی کی میٹنگ میں لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔

دہلی اسمبلی کی 70سیٹوں کے لئے 11فروری کو آئے نتائج میں کیجریوال کی عام آدمی پارٹی نے ایک بار پھر تاریخی جیت حاصل کی ہے۔ پارٹی نے 62 سیٹیں جیتی ہیں جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو آٹھ سیٹوں پراکتفا کرنا پڑا۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات کی طرح اس بار بھی کانگریس کا کھاتہ بھی نہیں کھل سکا۔


کیجریوال نے جمعرات کو ٹوئٹ کر کے کہا کہ دہلی کے لوگوں، آ پ کا بیٹا تیسری بار دہلی کے وزیراعلی کا حلف لے رہا ہے۔ اپنے بیٹے کو آشیرواد دینے ضرور آنا ہے۔ اتوار کی صبح دس بجے رام لیلا میدان۔ وزیراعلی کے طورپر اتوار کو حلف لینے کے بعد کیجریوال سابق وزیراعلی آنجہانی شیلا دیکشت کے تین بار مسلسل دہلی کا وزیراعلی بننے کے ریکارڈ کی برابری کریں گے۔ وہ 1998 سے 2013 تک مسلسل تین بار دہلی کی وزیراعلی رہی تھیں۔

کیجریوال کی قیادت والی عام آدمی پارٹی پہلی بار کسی الیکشن میں دہلی اسمبلی انتخابات میں اتری تھی اور پہلی ہی کوشش میں 70میں سے 28 سیٹوں پر جیت حاصل کی تھی۔ کانگریس کے آٹھ اراکین اسمبلی کی حمایت سے اروند کیجریوال وزیراعلی بنے تھے لیکن لوک پال کے معاملہ پر اختلاف ہونے کے بعد 49 دن بعد ہی استعفی دے دیا تھا۔ اس کے بعد 2015 میں انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو 70 میں سے 67 سیٹوں پر شاندار جیت ملی اور بی جے پی تین پر سمٹ گئی تھی جبکہ کانگریس صفر پر رہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔