عوام نے بی جے پی۔شیوسینا کو اکثریت دی ہے تو وہ حکومت تشکیل دیں: پوار

این سی پی کے صدر شردپوار نے کہا کہ بی جے پی اور شیوسینا کا پچھلے 25 برسوں سے اتحاد ہے اور انھیں پورا یقین ہے کہ وہ جلد ہی حکومت بنائیں گے

این سی پی سربراہ شرد پوار
این سی پی سربراہ شرد پوار
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شردپوار نے بدھ کو ایک بار پھر یہ کہا کہ عوام نے بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) اور شیوسینا کو اکثریت دی ہے اس لیے انھیں حکومت تشکیل دینی چاہیے۔ شرد پوار نے صحافیوں سے کہا کہ ایسی قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ این سی پی۔کانگریس اور شیوسینا مل کر حکومت بنائیں گی لیکن ایسی کوئی بات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا، ’’بی جے پی شیو سینا 25 سال سے اتحادی ہیں۔ انہیں نئی حکومت تشکیل دینے کے لئے فوری اقدام لینا چاہیے۔ عوام نے این سی پی اور کانگریس کو حزب اختلاف میں بیٹھنے کا مینڈیٹ دیا ہے اور ہم اس کے لئے تیار ہیں۔‘‘ انھوں نے کہا کہ بی جے پی اور شیوسینا کا پچھلے 25 برسوں سے اتحاد ہے اور انھیں پورا یقین ہے کہ وہ جلد ہی حکومت بنائیں گے۔


شرد پوار نے دعوی کیا ’’سنجے راوت (شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ) نے مجھ سے ملاقات کی، کیوں کہ وہ مجھ سے باقاعدگی سے ملتے رہتے ہیں۔ شیوسینا کی طرف سے (حکومت سازی کے بارے میں) کوئی تجویز نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے اعتراف کیا کہ راوت نے 170 ایم ایل اے کی فہرست دکھائی ہے جو شیوسینا کی حمایت کر رہے ہیں لیکن ساتھ ہی انہوں نے کہا، ’’مجھے نہیں معلوم کہ انہیں (راؤت) یہ اعداد و شمار کیسے حاصل ہوئے ہیں۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں، شرد پوار نے کہا کہ وہ بی جے پی-شیوسینا کے مابین ریاست میں حکومت بنانے کی کوششوں میں شامل نہیں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بی جے پی اور شیوسینا کا پچھلے 25 برسوں سے اتحاد ہے اور انھیں پورا یقین ہے کہ وہ جلد ہی حکومت بنائیں گے ۔ واضح رہے کہ بی جے پی اور شیوسینا کے درمیان حکومت بنانے کے لیے رسہ کشی آج تیرہویں دن بھی جاری ہے۔ مہاراشٹر اسمبلی کی 288 سیٹوں کے لیے 21 اکتوبر کو انتخابات ہوئے تھے اور ووٹوں کی گنتی 24 اکتوبر کو ہوئی۔ سب سے زیادہ 105سیٹیں بی جے پی کو حاصل ہوئیں، جبکہ شیوسینا 56، این سی پی 54 اور کانگریس کو 44 سیٹیں ملی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔