شعلہ بیاں اداکارہ پائل روہتگی گرفتار، نہرو خاندان کے خلاف نازیبا پوسٹ ڈالنے کا الزام

پولس کے مطابق اس معاملے میں پائل کو احمدآباد سے حراست میں لے کر بوندی لایا جا رہا ہے جہاں پولس اس معاملے میں ان سے پوچھ گچھ کرے گی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جے پور: سوشل میڈیا پر اکثر متنازعہ باتیں ڈالنے والی اور مسلمانوں کے خلاف بیان بازی کرنے والی اداکارہ اور ماڈل پائل روہتگی کو راجستھان پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔ پائل پر مجاہد آزادی موتی لال نہرو کے حوالے سے سوشل میڈیا پر متنازعہ ویڈیو اور پوسٹ ڈالنے کے معاملے میں اتوار کے روز گجرات کے شہر احمدآباد سے حراست میں لے لیا گیا۔

پولس کے مطابق پائل کو احمدآباد سے حراست میں لے کر بوندی لایا جا رہا ہے جہاں پولس اس معاملے میں ان سے پوچھ گچھ کرے گی۔ قابل ذکر ہے کہ پائل نے موتی لال نہرو پر ایک ویڈیو بنایا تھا۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آنے کے بعد ضلع بوندی میں ایک کانگریس کارکن نے اس پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے پائل کے خلاف گذشتہ 10 اکتوبر کو صدر تھانے میں آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کروایا تھا۔


پائل نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ مجھے راجستھان پولس نے موتی لال نہرو پر ویڈیو بنانے کے معاملے میں اسے گرفتار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو گوگل سے حاصل معلومات کی بنیاد پر بنایا گیا تھا۔ اظہار خیال کی (شخصی) آزادی کا مذاق بن گیا ہے۔ پائل نے ٹوئٹ میں وزارت داخلہ اور وزیر اعظم کے دفتر کو بھی ٹیگ کیا ہے۔

پائل کے خلاف معاملہ درج ہونے کے بعد اس کی جانب سے بوندی کی عدالت میں عبوری ضمانت کی عرضی داخل کی گئی تھی۔ اس پر جمعہ کے روز سماعت ٹل گئی اور اب پیر کے روز سماعت ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 21 ستمبر کو نہرو کے سلسلے میں سوشل میڈیا پر ویڈیو اور پوسٹ ڈالی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔