پون سنگھ ایک بار پھر تنازعہ کے شکار، اہلیہ جیوتی سنگھ کو گھر میں نہیں ملا داخلہ، پولیس سے ہوئی بحث کی ویڈیو وائرل
وائرل ویڈیو میں جیوتی روتے ہوئے الزام عائد کر رہی ہیں کہ ان کے شوہر نے انہیں گھر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے پولیس بلوائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے شوہر سے ملے بغیر واپس نہیں جاؤں گی۔

بہار اسمبلی انتخاب سے قبل دوسری بار بی جے پی میں شامل ہونے والے بھوجپوری فلم کے معروف اداکار پون سنگھ ایک بار پھر تنازعہ کے سبب سرخیوں میں ہیں۔ اس بار پون سنگھ کے سرخیوں میں آنے کی وجہ سیاست نہیں بلکہ ان کی ذاتی زندگی سے منسلک ایک واقعہ ہے۔ دراصل 5 اکتوبر کو ان کی اہلیہ جیوتی سنگھ اور پولیس کے درمیان ہوئی بحث کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو گئی، جس کی وجہ سے ان کا ازدواجی رشتہ ایک بار پھر سرخیوں میں آ گیا ہے۔
اتوار کو لکھنؤ کے سشانت گولف سٹی میں واقع سلیبریٹی گارڈن اپارٹمنٹ میں پون سنگھ کے فلیٹ کے باہر ایک ہائی وولٹیج ڈرامہ ہو گیا۔ پون سنگھ کی اہلیہ جیوتی سنگھ وہاں پہنچی، لیکن انہیں اپارٹمنٹ کے گارڈ نے روک دیا۔ اس کے بعد موقع پر پولیس بھی پہنچ گئی۔ وائرل ویڈیو میں جیوتی روتے ہوئے الزام عائد کر رہی ہیں کہ ان کے شوہر نے انہیں گھر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے پولیس بلوائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے شوہر سے ملے بغیر واپس نہیں جاؤں گی۔ ویڈیو میں جیوتی ہاتھ جوڑ کر انصاف کا مطالبہ کرتی بھی نظر آئیں اور یہ کہتے ہوئے نظر آئیں کہ پولیس بلا وجہ انہیں ذلیل کر رہی ہیں۔
اس درمیان پولیس ڈپٹی کمشنر آف پولیس جنوب نپن اگروال نے بتایا کہ یہ مکمل طور سے خاندانی تنازعہ کا معاملہ ہے۔ رپورٹس کے مطابق جیوتی کو اندر جانے سے روکنے کے بعد ہی پولیس وہاں پہنچی تھی، جس کے بعد حالات کو قابو میں کیا گیا۔ واضح ہو کہ 2 روز قبل ہی جیوتی سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر ایک پوسٹ لکھا تھا، جس میں واضح طور پر مذکور تھا کہ وہ پون سنگھ سے ملنے ان کے لکھنؤ والے گھر جائیں گی۔ اس امید کے ساتھ وہ گئیں کہ ان کے شوہر پون سنگھ ان سے ملیں گے۔ لیکن ایسا نہیں ہوا اور انہیں گھر میں داخلہ بھی نہیں ملا۔ جیوتی نے ویڈیو بنا کر دکھایا کہ وہاں پولیس بھی موجود ہے، ساتھ ہی بتایا کہ پون سنگھ نے ان کے خلاف ایف آئی آر کروائی ہے۔
واضح رہے کہ پون سنگھ کی ذاتی زندگی شروع سے ہی متنازعہ رہی ہے۔ 2014 میں انہوں نے نیلم دیوی سے شادی کی تھی، لیکن یہ رشتہ زیادہ دنوں تک نہیں چل پایا۔ کچھ سال بعد نیلم دیوی کی مشتبہ حالت میں موت ہو گئی، جسے خودکشی قرار دے دیا گیا۔ اس واقعہ نے بھوجپوری فلم انڈسٹری میں ہلچل مچا دی تھی۔ اس وقت پون سنگھ پر ذہنی اذیت دینے جیسے الزامات عائد کیے گئے تھے، حالانکہ بعد میں یہ معاملہ ٹھنڈا پر گیا۔
نیلم دیوی کی موت کے بعد پون سنگھ کا نام بھوجپوری اداکارہ اکشرا سنگھ کے ساتھ لیا جانے لگا۔ دونوں نے کئی سپر ہٹ نغموں اور فلموں میں ساتھ کام کیا اور ان کی جوڑی ناظرین کو خوب پسند آئی۔ لیکن جلد ہی اس رشتہ میں بھی دراڑ آنے لگا۔ اکشرا سنگھ نے پون سنگھ پر ذہنی اور جسمانی اذیت کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ پون سنگھ ان کی فلمی کیریئر میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں اور دھمکی بھی دے رہے ہیں۔ یہ تنازعہ اس وقت بھوجپوری فلم انڈسٹری کا سب سے مشہور خبر بن گیا تھا۔
اکشرا سنگھ سے رشتہ ٹوٹنے کے بعد پون سنگھ نے 2018 میں جیوتی سنگھ سے دوسری شادی کر لی۔ شروعات میں ازداواجی رشتے کافی بہتر تھے، لیکن آہستہ آہستہ اس رشتہ میں بھی دراڑ آنے لگا۔ جیوتی سنگھ نے کئی بار سوشل میڈیا پر پوسٹ کر اپنے شوہر پر بے وفائی اور ذہنی اذیت کا الزام عائد کیا۔ اب حالیہ تنازعہ نے اس رشتہ کو ایک بار پھر عوامی بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پون سنگھ کی زندگی میں ایک طرف جہاں فلموں اور سیاست کا گلیمر ہے تو دوسری جانب تنازعات کی بھی ایک لمبی تاریخ ہے۔ حال ہی میں بی جے پی میں ان کی واپسی کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ وہ اپنے کیریئر کا نیا باب شروع کرنے جا رہے ہیں، لیکن ذاتی تنازعوں نے ایک بار پھر ان کی شبیہ کو داغدار کر دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔