’پون کھیڑا نئے سوالوں کے ساتھ آپ کے سامنے ہیں، ہمت ہے تو جواب دیجیے‘، ہیمنت بسوا سرما کو کانگریس کا چیلنج

کانگریس کا کہنا ہے کہ آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما سنگین بدعنوانی کے الزامات میں پھنسے ہوئے ہیں۔ وہ سوالوں کا جواب دینے کی جگہ اپنی پولیس کا دھونس دکھا رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>پون کھیڑا اور ہیمنت بسوا سرما، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے ذریعہ مبینہ نازیبا کلمات استعمال کیے جانے اور پون کھیڑا کے خلاف آسام پولیس کی کارروائی پر کانگریس نے آج پھر اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ کانگریس نے کہا ہے کہ ’’آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما سنگین بدعنوانی کے الزامات سے گھرے ہوئے ہیں۔ بجائے سوالوں کا جواب دینے کے اپنی پولیس کی دھونس دکھا رہے ہیں۔‘‘

دراصل کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے پارٹی ترجمان پون کھیڑا کی ایک نئی ویڈیو جاری کی ہے۔ اس ویڈیو میں پون کھیڑا بی جے پی اور وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے آگے خود سپردگی نہ کرنے کا عزم ظاہر کر رہے ہیں اور کچھ نئے سوالات بھی سامنے رکھ رہے ہیں۔ اس بارے میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’پون کھیڑا جی کانگریس پارٹی کے مضبوط سپاہی ہیں۔ وہ ان گیدڑ بھبھکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ انھوں نے آپ سے پہلے بھی سوال پوچھے ہیں، آج مزید نئے سوالوں کے ساتھ آپ کے سامنے ہیں۔ ہمت ہے تو جواب دیجیے، پولیس کے پیچھے چھپ کر اور غیر اخلاقی زبان بول کر کچھ نہیں ہوگا۔‘‘


اس پوسٹ میں کانگریس نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کو بدعنوان قرار دیا ہے اور انھیں چیلنج پیش کیا ہے کہ نامعلوم جگہ سے پون کھیڑا نے ویڈیو بنا کر جو نئے سوالات پوچھے ہیں، ان کے جواب دیں۔ اس پوسٹ میں کانگریس نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’آسام کی عوام آپ کا سارا کچا چٹھا جان چکی ہے۔ یہ عوام کل آپ کے خلاف فیصلہ سنائے گی۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ آسام میں 9 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے، یہی وجہ ہے کہ ریاست میں سیاسی سرگرمیاں انتہائی عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ ایک طرف کانگریس ہیمنت بسوا سرما کے خلاف لگاتار آواز اٹھا رہی ہے، وہیں آسام کے وزیر اعلیٰ اپنے بیانات میں پون کھیڑا کے ساتھ ساتھ کانگریس کے سرکردہ لیڈران کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔