دہلی میں میٹرو کے دو نئے کوریڈور بنانے کا راستہ ہموار، منصوبہ کو کابینہ سے ملی منظوری

ایک کوریڈور لاجپت نگر سے ساکیت جی بلاک تک ہوگا، جبکہ دوسرا کوریڈور اندرلوک سے اندرپرستھ تک ہوگا، اس کی تکمیل 2029 تک ہو پائے گی۔

دہلی میٹرو / آئی اے این ایس
دہلی میٹرو / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے باشندوں کے لیے ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ یہاں 2 نئے میٹرو کوریڈور بنانے کا راستہ ہموار ہو گیا ہے، یعنی عوام کو سفر میں مزید سہولت ملنے والی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔

کابینہ میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ دو نئے میٹرو کوریڈور کو کابینہ کی منظوری مل گئی ہے۔ ایک کوریڈور لاجپت نگر سے ساکیت جی بلاک تک ہوگا، جبکہ دوسرا کوریڈور اندرلوک سے اندرپرستھ تک کے لیے ہے۔ اس کو بنانے میں تقریباً 8400 کروڑ روپے کا خرچ آئے گا اور اس کی تکمیل 2029 تک ہو پائے گی۔ انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ یہ دونوں میٹرو کوریڈور بننے کے بعد مسافروں کے لیے آسانیاں پیدا ہو جائیں گی اور وقت کے ساتھ ساتھ پیسہ بھی بچے گا۔


موصولہ اطلاع کے مطابق اندرلوک سے اندرپرستھ تک 12.377 کلومیٹر دوری ہے اور لاجپت نگر سے ساکیت جی بلاک تک کے میٹرو کوریڈور کی دوری 8.385 کلومیٹر ہے۔ اندرلوک-اندرپرستھ کوریڈور گرین لائن کی توسیع ہوگی اور ریڈ، یلو، ایئرپورٹ لائن، میجنٹا، وائلٹ و بلو لائنوں کے ساتھ انٹرچینج کی سہولت ہوگی۔ دوسری طرف لاجپت نگر-ساکیت جی بلاک کوریڈور سلور، میجنٹا، پنک اور بینگنی لائن کو جوڑے گی۔ اندرلوک-اندرپرستھ کوریڈور میں جہاں 10 اسٹیشن ہوں گے، وہیں لاجپت نگر-ساکیت جی بلاک کوریڈور میں 8 اسٹیشن ہونے کی جانکاری دی گئی ہے۔ دہلی میٹرو کے مرحلہ 4 پروجیکٹ کے ان دونوں کوریڈور کی مجموعی لاگت 8399 کروڑ روپے ہے جو حکومت ہند، دہلی حکومت اور بین الاقوامی فنڈنگ ایجنسیوں سے لی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔