عام لوگوں کے لیے 17 سے 20 نومبر تک بند رہے گا پٹنہ کا گاندھی میدان، انتظامیہ نے جاری کی ایڈوائزری

انتظامیہ کی ایڈوائزری کےمطابق پٹنہ کا گاندھی میدان عام لوگوں کےلیے 4 روز یعنی 17 نومبر سے 20 نومبر تک بند رہے گا۔ تقریباً 4 دنوں تک اس میدان میں نئی حکومت کی حلف برداری تقریب کی تیاری چلنے والی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>انتخابات کے دوران ووٹر بیداری کے لیے پٹنہ کے گاندھی میدان پر بنائی گئی رنگولی / Getty Images</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار کی راجدھانی پٹنہ میں واقع تاریخی گاندھی میدان عام لوگوں کے لیے 17 سے 20 نومبر تک بند رہے گا۔ دراصل بہار میں حال ہی میں اسمبلی انتخاب کا نتیجہ سامنے آیا ہے، جس میں این ڈی اے کو واضح اکثریت ملی ہے۔ اب نئی حکومت کی تشکیل کو لے کر تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ پٹنہ کے گاندھی میدان میں حلف برداری کی تقریب کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں پٹنہ انتظامیہ نے ایڈوائزی جاری کی ہے۔

انتظامیہ کی ایڈوائزری کےمطابق پٹنہ کا تاریخی گاندھی میدان عام لوگوں کےلیے 4 روز یعنی 17 نومبر سے 20 نومبر تک بند رہے گا۔ تقریباً 4 دنوں تک اس میدان میں نئی حکومت کی حلف برداری تقریب کی تیاری چلنے والی ہے۔ ساتھ ہی بتایا جا رہا ہے کہ نئی حکومت کی تشکیل کے لیے اتوار کو 18 ویں قانون ساز اسمبلی کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ پیر سے اس پورے عمل میں باضابطہ طور پر تیزی آ جائے گی۔ ساتھ ہی اسمبلی انتخاب کے لیے نافذ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (مثالی ضابطہ اخلاق) بھی ختم ہو جا ئے گا۔


واضح رہے کہ پٹنہ کے گاندھی میدان میں حلف برداری تقریب کے حوالے سے تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ پولیس سے لے کر جانچ ایجنسیاں تک الرٹ موڈ پر ہیں۔ گاندھی میدان کے چاروں طرف بڑی تعداد میں فورسز تعینات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ میدان میں کافی بڑا ٹینٹ لگایا جا رہا ہے اور ہزاروں کرسیاں بھی لگائی جا رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق پٹنہ کے گاندھی میدان میں ہونے والی حلف برداری تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزراء کے علاوہ کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے بھی پہنچنے کا امکان ہے۔ وی وی آئی پی اور وی آئی پی لوگوں کے لیے گاندھی میدان میں سیکورٹی انتظامات کافی سخت کر دیے گئے ہیں۔ میدان کے ہر گیٹ پر ہائی ٹیک جانچ مشین لگائی جا رہی ہے۔ اس پورے پروگرام میں مشتبہ افراد پر نظر رکھنے کے لیے اسپیشل ٹیم بھی تعینات رہے گی۔