’کووڈ منیجمنٹ کی ذمہ داری فوج کو سونپ دینی چاہئے‘ پٹنہ ہائی کورٹ کا تلخ تبصرہ

جج حضرات نے کہا کہ “ہمارے خیال میں آپ ناکام ہو رہے ہیں، پھر کیوں نہ کووڈ مینجمنٹ کی ذمہ داری فوج کو سونپ دی جائے”۔

پٹنہ کی تصویر آئی اے این ایس 
پٹنہ کی تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

بہار میں عالمی وباء کورونا وائرس کے بڑھنے کے درمیان پٹنہ ہائی کورٹ نے آج ایک بار پھر کورونا وائرس سے نمٹنے میں ناکامی پر ریاستی حکومت کی سرزنش کی اور یہ تلخ تبصرہ بھی کیا کہ بار بار عدالتی احکامات کے باوجود صورتحال میں بہتری نہ ہونا شرم کی بات ہے اور اس صورتحال میں ریاست کے اندر کوڈ مینجمنٹ کی ذمہ داری فوج کو سونپ دینی چاہئے۔

پٹنہ ہائی کورٹ کے جج چکردھاری شرن سنگھ اور جسٹس موہت کمار شاہ کی ڈویژن بنچ نے کورونا وائرس سے متعلق دائر مفاد عامہ کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے کورونا وائرس پر قابو پانے کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بار بار احکامات دیے جانےکے باوجود صورتحال بہتر نہيں ہونا شرم کی بات ہے۔ ججوں نے کہا کہ "ہمارے خیال میں آپ ناکام ہو رہے ہیں، پھر کیوں نہ کووڈ مینجمنٹ کی ذمہ داری فوج کو سونپ دی جائے"۔


ایڈوکیٹ جنرل للت کشور نے بنچ کے اس تبصرے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت اس وبا سے نمٹنے کیلئے جنگی پیمانے پر کام کررہی ہے۔ ہر دن اور ہر ہفتہ حکومت کووڈ کے مریضوں کے لئے آکسیجن اور بستر وں میں اضافہ کررہی ہے۔ انہوں نے کیرالہ اور مہاراشٹر میں کورونا انفیکشن اور اموات کا موازنہ بہار سے کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں ریاستوں میں زیادہ وسائل ہونے کے باوجود بہار سے زیادہ اموات ہوئیں۔

اس پر بنچ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں کی موت کا کسی سے موازنہ نہیں ہوسکتا۔ اس کے بعد عدالت نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے انتظامات اور منصوبوں سے متعلق تفصیلی معلومات دینے کے لئے کل تک کا وقت دیا۔ ججوں نے کہا کہ "پہلے آپ اپنی تمام تفصیلات حوالے کردیں، پھر عدالت اس پر غور کرے گی"۔


اس سے قبل، بہار حکومت کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا تھا کہ حکومت نے ریاست میں کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے 5 مئی سے 15 مئی تک مکمل تالا بندی کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالت ریاستی حکومت کے اس فیصلے سے بھی مطمئن نہیں ہوئی اور حکومت کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ اس معاملے میں اب آئندہ سماعت 6 مئی کو ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 May 2021, 7:11 AM