پٹنہ: مودی جانے والے ہیں اتحاد آنے والا ہے، گاندھی میدان سے راہل کا اعلان

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’مودی حکومت سرمایہ داروں کو تو خوب پیسہ دیتی ہے لیکن کسانوں کے لئے بجٹ میں محض 17 روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے، یہ سراسر کسانوں کی بے عزتی ہے۔‘‘

تصویر / <a href="https://twitter.com/INCIndia">@INCIndia</a>
تصویر / @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان پر کانگریس کی ’جن آکانکشا ریلی‘ سے کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے خطاب پیش کیا۔ انہوں ریلی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہار میں اب حزب اختلاف کی حکومت آنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد عوام بی جے پی اور نتیش جی کو ہٹانے جا رہے ہیں۔

ریلی میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سمیت مہا گٹھ بندھن کے دیگر رہنما شامل ہوئے۔ اس ریلی سے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے مودی حکومت پر جم کر نشانہ لگایا۔ انہوں نے بجٹ میں کسانوں کے لئے کیے گئے اعلانات کو ان کی بے حرمتی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت سرمایہ داروں کو تو خوب پیسہ دیتی ہے لیکن کسانوں کو محض 17 روپے دیتی ہے یہ کسانوں کی بے عزتی ہے۔

واضح رہے کہ کانگریس نے پٹنہ میں اپنے دم پر 30 سال بعد کوئی ریلی منعقد کی ہے۔ اس سے پہلے 1989 میں کانگریس کے آنجہانی رہنما راجیو گاندھی نے اس میدان پر ریلی کا انعقاد کیا تھا۔ کانگریس نے اس ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے پوری طاقت جھونک دی ہے۔ پٹنہ کی سڑکوں اور چوراہوں کو پوسٹروں اور بینروں سے پُر کر دیا گیا ہے۔ کانگریس کے رکن اسمبلی سے لے کر بہار کے کئی اپوزیشن ارکان پارلیمان تک ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے مصروف رہے۔

راہل گاندھی نے ریلی سے خطاب کے دوران کہا، ’’جہاں مودی جی جاتے ہیں بڑے بڑے وعدے کرتے ہیں، نتیش جی کی بھی یہی عادت ہے۔ کچھ دن قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں بڑے اعلانات ہوئے اور بی جے پی رہنماؤں نے دھڑا دھڑا میز بجائی۔ کاروباریوں کو آپ ہزاروں کروڑ روپے دیتے ہو لیکن ہندوستان کے کسانوں کو محض 3.5 روپے دیتے ہیں اور پھر اس پر مودی جی مسکراتے ہیں۔‘‘

راہل گاندھی نے نوٹ بندی کو لے کر بھی مودی حکومت پر نشانہ لگایا اور کہا کہ لوگوں سے وعدہ کیا گیا تھا کہ انہیں 15 لاکھ روپے ملیں گے لیکن کسانوں کو آج کیا ملا محض 3.5 روپے۔

انہوں نے کہا، ’’چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں بی جے پی نے کسی کا کوئی پیسہ معاف نہیں کیا۔ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ کانگریس کی حکومت آئے گی تو کسانوں کا قرض معاف ہوگا۔ 10 دن نہیں لگے، کانگریس پارٹی کی حکومت آئی کمل ناتھ جی نے 15 منٹ میں کام کر دیا، بگھیل جی نے اس کے بعد ایک دن میں کام کر دیا اور گہلوت جی نے دو دن بعد کسانوں کا قرض معاف کر کے دکھا دیا۔‘‘

بہار کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ’’آپ دنیا میں تعلیم کا مرکز تھے لیکن آج آپ تعلیم کا مرکز نہیں رہے۔ آپ آج بے روزگاری کا مرکز ہو۔ بہار کا نوجوان ملک بھر میں چکر لگاتا ہے۔ آپ بہار کے کسی بھی گاؤں میں چلے جاؤ آپ کو جواب ملے گا کچھ نہیں کرتے۔ مودی جی نے روزگار دیا، جواب ملے گا نا، نتیش جی نے روزگار دیا، جواب ملے گا نہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’کوئی کہے گا کہ میں گجرات گیا وہاں مجھے مودی جی کے لوگوں نے بھگا دیا۔ میں مہاراشٹر گیا تو شیوسینا کے لوگوں نے مار کر بھگا دیا۔ لیکن بہار کے لوگوں میں کوئی کمی نہیں ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے کہا، ’’ایک وقت تھا جب ملک کو چینی 27 فیصد بہار دیتا تھا۔ آج آپ محض دو فیصد چینی ملک کو دیتے ہو۔ مودی جی لمبے لمبے بھاسن(تقریر) دیتے ہیں۔ کہتے ہیں کہ میں کسانوں کو فصلوں کا واجب دام دلواؤں گا۔ ایک نیا اصول چلایا ہے مودی جی نے۔ کسانوں سے فصل بیمہ کے نام پر وصولی کی جاتی۔ لیکن وہ پیسہ جاتا ہے انل امبانی کی جیب میں ہے۔ کسان کی فصل تباہ ہونے کے بعد مودی جی کہتے ہیں کہ آپ جاؤ کیونکہ آپ کا پیسہ میں نے نیرو مودی اور انل امبانی کو دے دیا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’چھتیس گڑھ، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت آنے کے بعد ہم نے دو دن میں کسانوں کا قرض معاف کر دیا۔ بہار میں بھی ہماری حکومت آئے گی تو یہاں کے کسانوں کو بھی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بہار میں ہر جگہ فوڈ پروسسنگ فیکٹریاں لگائی جائیں گی۔ کسان جا کر سیدھے فیکٹریوں میں اپنا سامان بیچیں گے۔ میں نے اتر پردیش میں کہہ دیا ہے کہ کانگریس پارٹی بیک فٹ پر نہیں بلکہ فرنٹ فٹ پر کھیلے گی اور ہم چھکا ماریں گے۔‘‘

کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا، ’’سب سے بڑا سوال آج روزگار کا ہے۔ ملک بھر کے محض 450 نوجوانوں کو مودی 24 گھنٹے میں روزگار دیتے ہیں۔ ہم اسے تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریس نے ملک کو ہرا انقلاب دیا، سفید انقلاب دیا، کمپیوٹر اور انٹر نیٹ ریولیوشن دیا۔ ہم جب من بنا لیتے ہیں تو تاریخی کام کرتے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے فیصلہ لے لیا ہے۔ نریندر مودی نے صرف پچھلے 5 سالوں میں ارب پتیوں کو کروڑوں روپے دیئے ہیں۔‘‘

راہل گاندھی نے کہا، ’’ہندوستان کے ہر غریب کو کانگریس کم از کم آمدنی کی گارنٹی دے گی اور ہر غریب شخص کے کھاتے میں کانگریس حکومت رقم منتقل کر کے دکھائے گی۔ دنیا کی کسی حکومت نے آج تک یہ کام نہیں کیا ہے لیکن ہم یہ کام کر کے دکھائیں گے۔‘‘

آخر میں راہل گاندھی نے آر جے ڈی کے رہنما تیجسوی یادو کی ستائش کرتے ہوئے کہا، ’’تیجسوی نوجوان رہنما ہیں، کام کر کے دکھاتے ہیں، چھوٹ نہیں بولتے ہیں اور ہم سب مل کر عزت سے محبت سے یکجا ہو کر لوک سبھا میں اور اس کے بعد اسمبلی انتخابات میں مخلوط حکومت بنانے جا رہے ہیں۔‘‘ راہل گاندھی نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں بی جے پی اور نتیش کو ایک بھی سیٹ نہیں ملے گی بلکہ تمام سیٹوں پر مہا گٹھ بندھن کی جیت ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔