ریل حادثہ: مصر میں مسافر ٹرین پٹری سے اتری، 3 لوگوں کی موت، 94 زخمی
مطروح سے قاہرہ جاتے وقت ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ اس کے سات ڈبے پٹری سے اترے جن میں دو الٹ گئے۔ مصر میں ٹرینوں کا پٹری سے اترنا عام سی بات ہے۔ یہاں پرانا ریلوے نظام بدانتظامی کا شکار ہے۔

مغربی مصر میں بڑا ریل حادثہ ہوا ہے۔ یہاں ہفتہ کو ایک پیسنجر ٹرین پٹری سے اتر گئی جس میں 3 لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ 94 کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ ریلوے افسروں نے ایک بیان میں بتایا کہ ملک کی شمالی ساحل پر واقع صوبہ مطروح سے قاہرہ جاتے وقت ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ اس کے سات ڈبے پٹری سے اترے جن میں دو الٹ گئے۔
وزارت صحت نے مرنے والوں کی تعداد کی تفصیل دیتے ہوئے ایک الگ بیان جاری کیا اور بتایا کہ زخمیوں کو اسپتالوں میں پہنچانے کے لیے 30 ایمبولنس بھیجے گئے۔ ریلوے افسروں کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پٹری سے اترنے کی وجہ کا پتہ لگانے کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔
مصر میں ٹرینوں کا پٹری سے اترنا عام سی بات ہو گئی ہے۔ یہاں پرانا ریلوے نظام بھی بدانتظامی کا شکار ہے۔ گزشتہ اکتوبر میں جنوبی مصر میں قاہرہ جانے والی ایک مسافر ٹرین کے پچھلے حصے میں ایک انجن ٹکرا گیا جس میں کم سے کم ایک شخص کی موت ہو گئی اور کئی دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
اس سے قبل گزشتہ سال مصر کے نیل ڈیلٹا میں دو مسافر ٹرینوں کے ٹکرانے سے کم سے کم 3 لوگوں کی جان چلی گئی تھی جس میں 2 بچے شامل تھے۔ وہیں مصر کی وزارت صحت کے مطابق اس حادثے میں 40 دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔
ویسے حالیہ برسوں میں مصر کی حکومت نے ریلوے میں اصلاح کے لیے پہل کا اعلان کیا ہے۔ صدر عبدالفتح السیسی نے کہا کہ 2015 میں ملک کے نظر انداز شدہ ریلوے نیٹ ورک کے مناسب سدھار کے لیے تقریباً 250 ارب مصری پاؤنڈ یا 8.13 ارب امریکی ڈالر کی ضرورت ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔