انڈیگو کی فلائٹ میں مسافر کو ہوئی گھبراہٹ تو ساتھی مسافر نے جڑ دیا طمانچہ، ملزم پولیس کے حوالے

معاملہ انڈیگو کی اُڑان نمبر 6 ای 138 میں پیش آیا۔ طمانچہ مارنے والے شخص کو کولکاتا کی ودھان نگر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>انڈیگو کی فلائٹ میں تھپڑ واقعہ۔ ویڈیو گریب</p></div>

انڈیگو کی فلائٹ میں تھپڑ واقعہ۔ ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

ممبئی سے کولکاتا جا رہی انڈیگو ایئر لائنس کی ایک فلائٹ میں اس وقت ہنگامہ مچ گیا جب ایک مسافر نے اچانک دوسرے مسافر کو طمانچہ مار دیا۔ متاثر مسافر، جس نے ٹوپی لگائی ہوئی تھی اور اس کی داڑھی تھی، اس وقت ’پینک اٹیک‘ (گھبراہٹ) کا شکار تھا۔ یہ پورا واقعہ کیمرے میں قید ہو گیا اور اس کا ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے اور شخص کو مارنے والے مسافر کی سبھی شدید مذمت کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ جو مسافر گھبراہٹ کا شکار ہو گیا تھا اور ایئر ہوسٹس اس کی مدد کر رہی تھی۔ اسی دوران ایک دیگر مسافر نے بغیر کسی اُکساوے کے اسے زوردار طمانچہ جڑ دیا۔ تھپڑ لگنے کی وجہ سے شخص زار و قطار رونے لگتا ہے۔ ایئر ہوسٹس بھی گھبرا جاتی ہیں اور تھپڑ مارنے والے مسافر سے کہتی ہیں کہ آپ نے ایسا کیوں کیا؟ دوسرے مسافر بھی سیٹ پر بیٹھے شخص کو ڈانٹ پھٹکار لگاتے ہیں۔ اس میں ایک اور مسافر نے بار بار پوچھا کہ اس نے ایسا کیوں کیا، جس پر ملزم نے جواب دیا کہ مجھے دقت ہو رہی تھی۔ حالانکہ تبھی دوسرے مسافر نے کہا کہ آپ کو کسی پر ہاتھ اٹھانے کا حق نہیں ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ اُڑان نمبر 6 ای 138 میں پیش آیا اور طیارہ کے کولکاتا پہنچنے پر ساتھی مسافر کو طمانچہ مارنے والے شخص کو پہلے سی آئی ایس ایف کے حوالے کیا گیا، اس کے بعد اسے ایئر پورٹ پر واقع این ایس سی بی آئی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا، جہاں اسے ودھان نگر پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔

طمانچہ معاملے پر انڈیگو ایئر لائنس کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ اس نے بیان جاری کرتے ہوئے ملزم کی حرکت کی سخت مذمت کی ہے۔ انڈیگو نے کہا کہ ہماری ایک اڑان میں جھڑپ کے واقعہ کی ہمیں جانکاری ہے۔  کسی کے ساتھ اس طرح کا سلوک پوری طرح سے ناقابل قبول ہے۔ ہم ایسی کسی بھی حرکت کی مذمت کرتے ہیں جو ہمارے مسافروں اور عملہ کے تحفظ اور وقار سے سمجھوتہ کرتا ہو۔


ایئر لائنس نے یہ بھی بتایا کہ ملزم شخص کی پہچان کرکے اسے اَن ڈسپلنس اعلان کر دیا گیا ہے اور ان کی کرو ٹیم نے ایس او پی کے تحت کارروائی کی اور سبھی متعلقہ ریگولیٹری ایجنسیوں کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ فی الحال اس معاملے کی آگے کی کارروائی سیکوریٹی ایجنسیوں کے ذریعہ کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔