سونیا گاندھی سے ملاقات کرنے پہنچے مودی کے 3 بڑے وزیر، جانیں کیوں!

پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے پارلیمانی اجلاس بغیر کسی رکاوٹ کے چلانے کی خاطر کانگریس کا تعاون طلب کرنے کی غرض سے کانگریس پارلیمانی پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی سے ان کی رہائش پر ملاقات کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے 17 جون سے شروع ہونے جا رہے پارلیمانی اجلاس بغیر کسی رکاوٹ کے چلانے کی خاطر کانگریس کا تعاون طلب کرنےکے لئے جمعہ کے روز کانگریس کی پارلیمانی مجلس کی سربراہ سونیا گاندھی سے ان کی رہائش پر ملاقات کی۔

پرہلاد جوشی نے سونیا گاندھی سے ان کی رہائش پر ملاقات کے بعد صحافیوں سے کہا، ’’سونیا گاندھی کے ساتھ ہماری ملاقات خوش گوار رہی۔ ہم نے پارلیمان کو بلا رکاوٹ چلانے کے لئے ان کا تعاون طلب کیا۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’انہیں (اپوزیشن کو) بھی بر سر اقتدار جماعت کے تعاون کی ضرورت ہے۔ میں نے انہیں بتایا کہ حکومت تعاون کرنے کے لئے ہمیشہ تیار ہے۔‘‘ ملاقات کے دوران مرکزی وزیر نریندر تومر اور ارجن رام میگھوال بھی پرہلاد جوشی کے ہمراہ موجود تھے۔


پارلیمانی اجلاس کی شروعات سے قبل پارلیمانی امور پر مجلس وزرا کی کمیٹی جمعہ کی شام وزیر دفاع راج ناتھ سے ملاقات کرے گی۔ اس میٹنگ کی صدارت راجناتھ سنگھ کریں گے، جس کے ارکان میں وزیر داخلہ امت شاہ بھی شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ جوشی کا سونیا گاندھی کی رہائش پر جانا حزب اختلاف سے تال میل بیٹھانے کی حکومت کی کوششوں کا حصہ ہے۔ یہ میٹنگ تقریباً 15 منٹ تک چکی۔ قبل ازیں پرہلاد جوشی حزب اختلاف کے قائد غلام نبی آزاد اور لوک سبھا میں ڈی ایم کے کے رہنما ٹی آر بالو سے ملاقات کر چکے ہیں۔


حکومت بجٹ پیش کرنے کے لئے علاوہ ایک مجلس میں تین مرتبہ طلاق (طلاق بدعت) پر پابندی سمیت 10 نئے آرڈیننسز کو قانون میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ پہلے دو دن نئے ارکان پارلیمان حلف اٹھائیں گے۔ لوک سبھا اسپیکر کا انتخاب 19 جون کو ہوگا۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے 20 جون کوخطاب کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔