پارلیمنٹ سکیورٹی چوک معاملہ: پولیس کو دیکھتے ہی چھٹا مطلوب درانداز نیمرانا سے ہوا فرار

پارلیمنٹ کی سکیورٹی میں چوک کے معاملے میں اب تک پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ اس معاملہ میں چھ افراد ملوث بتائے جا رہے ہیں

<div class="paragraphs"><p>لوک سبھا / آئی اے این ایس</p></div>

لوک سبھا / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی پولیس پارلیمنٹ کی سکیورٹی میں چوک کے معاملے میں تیزی سے کارروائی کر رہی ہے۔ اس معاملے میں اب تک پانچ ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ چھٹے اور مفرور ملزم کی شناخت للت جھا کے طور پر ہوئی ہے۔ مفرور ملزم للت کا مقام نیمرانا، راجستھان میں پایا گیا۔ جب دہلی پولس کے اسپیشل سیل کی ٹیم نیمرانا کے گندالا گاؤں پہنچی تو پولیس کو آتے دیکھ کر للت وہاں سے فرار ہو گیا۔ اسپیشل سیل کی دو ٹیمیں للت کی تلاش میں مصروف ہیں۔

نیوز پورٹل ’ اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق دہلی پولیس نے ساگر شرما (26)، منورنجن ڈی (34)، امول شندے (25) اور نیلم (42) کو پارلیمنٹ کی سکیورٹی میں نقب زنی کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔ دہلی پولیس نے اس معاملے میں غیر قانونی سرگرمیاں  ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ فی الحال تمام گرفتار ملزمان سے پوچھ گچھ جاری ہے اور چھٹے ملزم للت جھا کی تلاش جاری ہے۔


پولیس کی پوچھ گچھ میں یہ بات سامنے آئی  ہے کہ پارلیمنٹ میں گھسنے والے تمام ملزمان سوشل میڈیا پیج 'بھگت سنگھ فین کلب' سے وابستہ تھے۔ ملزمان  کی ملاقات تقریباً ڈیڑھ سال قبل کرناٹک کے میسور میں ہوئی تھی۔ نو ماہ بعد سب ایک بار پھر ملے اور تب ہی پارلیمنٹ میں گھسنے کا منصوبہ بنایا گیا۔ مارچ میں بجٹ اجلاس کے دوران منورنجن بنگلورو سے آئے تھے اور انہوں نے وزیٹر پاس کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس کا مکمل جائزہ لیا۔

اس سال جولائی میں ساگر اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ سے آیا تھا، لیکن پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر نہیں جا سکا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ اس نے باہر سے ریکی کی۔ ریکی کے دوران منورنجن کو معلوم ہوا کہ جوتوں کو ٹھیک سے  کہاں چیک نہیں کیا گیا تھا۔ 10 دسمبر کو ایک ایک کر کے تمام ملزمین اپنی اپنی ریاستوں سے دہلی پہنچ گئے۔ منورنجن فلائٹ سے دہلی آئے۔ سبھی 10 تاریخ کی رات گروگرام میں وکی کے گھر پہنچے۔ للت جھا بھی دیر رات گروگرام پہنچے۔


شائع خبر کے مطابق امول مہاراشٹر سے رنگین پٹاخے لائے تھے۔ 13 دسمبر کو، صبح تقریباً 9 بجے، مہادیو روڈ سے بی جے پی کے ایم پی پرتاپ سمہا کے پی اے سے وزیٹر پاس لیا گیا۔ اس کے بعد تمام ملزمان انڈیا گیٹ پر ملے ۔ دوپہر 12 بجے دونوں ملزمان پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر داخل ہوئے۔ للت جھا باہر ہنگامہ آرائی کی ویڈیو بنا رہے تھے۔ معاملہ بڑھتا دیکھ کر وہ  سب کے موبائل لے کر بھاگ گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔