پارلیمنٹ سیکورٹی معاملہ: ملزم للت جھا کی عدالت میں پیشی، 7 دنوں کی پولیس حراست میں بھیجا گیا

دہلی پولیس کی طرف سے پیش اکھنڈ پرتاپ سنگھ نے للت جھا کی 15 دنوں کی حراست طلب کی تھی، لیکن 7 دنوں کی ہی پولیس ریمانڈ عدالت کے ذریعہ منظور کی گئی۔

دہلی پولیس، تصویر آئی اے این ایس
دہلی پولیس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی کی ایک عدالت نے پارلیمنٹ سیکورٹی معاملے میں کلیدی ملزم للت جھا کو 7 دن کے لیے پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔ جمعہ کے روز للت جھا کو پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں پیش کیا گیا۔ ایڈیشنل سیشن جج ہردیپ کور نے اس معاملے میں گرفتار چار دیگر ملزمین کو گزشتہ روز 7 دنوں کی پولیس حراست میں بھیج دیا تھا، اور اب للت جھا کے لیے بھی یہی فیصلہ سنایا ہے۔

آج دہلی پولیس کی طرف سے پیش اکھنڈ پرتاپ سنگھ نے للت جھا کے لیے عدالت سے 15 دنوں کی حراست کا مطالبہ کیا تھا، لیکن عدالت نے 7 دنوں کی ہی پولیس ریمانڈ دی۔ اب پولیس للت جھا سے پارلیمنٹ میں بدھ کے روز پیش آئے واقعہ سے متعلق تفصیلی پوچھ تاچھ کرے گی اور یہ جاننے کی کوشش ہوگی کہ آخر اس طرح کا منصوبہ للت جھا اور اس کے ساتھیوں نے کیوں بنایا۔


قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا کی کارروائی کے دوران ساگر شرما اور منورنجن ڈی نامی دو اشخاص کو مبینہ طور پر ایوان کے اندر دھواں چھوڑ رہے کنستروں کے ساتھ پکڑا گیا تھا۔ دونوں وزیٹرس گیلری سے ایوان میں کود گئے تھے جہاں لوک سبھا اراکین نے انھیں پکڑ کر سیکورٹی اہلکاروں کے حوالے کر دی اتھا۔ بعد میں دونوں کو دہلی پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔ دو دیگر ملزمین امول شندے اور نیلم کو پارلیمنٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا جہاں وہ مبینہ طور پر پیلے دھوئیں کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔ بعد میں للت جھا کو بھی گرفتار کیا گیا جسے پورے واقعہ کا ماسٹر مائنڈ تصور کیا جاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔