وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں پیش کیا ’قومی اقتصادی سروے‘، ایوانوں کی کارروائی ملتوی
پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے، جوکہ 13 فروری تک جاری رہے گا۔ بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ 10 مارچ سے شروع ہوگا

وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے پارلیمنٹ پیش کیا قومی اقتصادی سروے
وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے 2025 کا قومی اقتصادی سروے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کر دیا۔ صدر جمہوریہ کے خطاب کے بعد لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر اوم برلا نے ایوان کو سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ سمیت کئی اہم شخصیات کے انتقال کی اطلاع دی اور تعزیتی قرارداد منظور کی گئی۔ اس کے بعد وزیر خزانہ نے اقتصادی سروے پیش کیا۔ اس کے بعد انہوں نے راجیہ سبھا میں بھی قومی اقتصادی سروے پیش کر دیا۔ اس کے بعد ایوانوں کی کارروائی یکم فروری کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر قرارداد منظور
لوک سبھا میں سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر تعزیتی قرارداد منظور کی گئی۔ وہیں، راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی، چیئرمین جگدیپ دھنکڑ نے راجیہ سبھا کے رکن تانواڑے اور ٹی ایم سی کے رکنِ پارلیمنٹ ساکیت گوکھلے کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ اس کے بعد ایوانِ بالا میں سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور اوم پرکاش چوٹالہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
تیسری مدت کار میں ترقی کی رفتار تین گنا بڑھ چکی ہے: صدر مرمو کا خطاب
صدر دروپدی مرمو نے کہا کہ میری حکومت (مودی حکومت) کی تیسری مدت کار میں ترقی تین گنا زیادہ رفتار سے ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی یوگا دن کے انعقاد سے لے کر ورلڈ ہیریٹیج تنظیم کے اجلاس تک، ان تمام اقدامات کا انعقاد ہندوستان میں ہوا ہے۔ حکومت نے آئین کے نفاذ سے پہلے بنے قوانین کا تفصیلی جائزہ لیا ہے اور کئی قوانین میں ترمیم کی ہے یا انہیں منسوخ کیا ہے۔ غلامی کے قوانین اور تعزیرات ہند کو ختم کر کے نیائے سنہیتا نافذ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا، ’’میری حکومت عوام کی زندگی کو آسان بنانے پر کام کر رہی ہے۔ 3500 احکامات کو جرم سے پاک کیا گیا ہے۔ خواہش مند اضلاع پروگرام کے ذریعے تعلیم، صحت جیسے شعبوں میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ 500 بلاکوں میں بھی ترقی ہو رہی ہے۔ ملازمین کو کرم یوگی بننے کا موقع مل رہا ہے۔ اس پلیٹ فارم پر 1700 کورسز دستیاب ہیں اور دو کروڑ سے زیادہ تربیتیں مکمل ہو چکی ہیں۔ ہم میک ان انڈیا سے میک فار دی ورلڈ کی طرف بڑھ رہے ہیں، جس سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ ہم دفاعی صنعتی کوریڈور اور دفاعی کوریڈور کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سرحدوں کی حفاظت پر بھی زور دے رہے ہیں۔‘‘
صدر مرمو کا خطاب: ’خواتین کو قیادت اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوئے‘
صدر دروپدی مرمو نے تریبھوون کوآپریٹیو یونیورسٹی کے قیام سے لے کر مفت راشن تک کا ذکر کیا اور کہا کہ غریبوں کو عزت کے ساتھ جینے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’متوسط طبقے کے خوابوں کو بھی پر لگ گئے ہیں۔ ہندوستان دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے جا رہا ہے۔ حکومت کا نعرہ ہے، سب کا ساتھ، سب کا وکاس۔ ترقی کا فائدہ آخری شخص تک پہنچ رہا ہے۔ حکومت کا ہدف ترقی یافتہ ہندوستان بنانا ہے۔ ملک میں 25 کروڑ آبادی کو غربت کی لکیر سے اوپر لایا گیا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’75 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں، جنہیں صرف پنشن ملتی ہے، انکم ٹیکس جمع کروانے کے حوالے سے انہیں خود فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا ہے۔ آٹھویں تنخواہ کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گھر کے قرض پر سبسڈی دی جا رہی ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے کی کوشش جاری ہے۔ ہماری حکومت خواتین کی قیادت میں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ بڑی تعداد میں ہندوستان کی بیٹیاں جنگی طیارے اڑا رہی ہیں، کارپوریٹ کی قیادت بھی کر رہی ہیں، اولمپکس میں میڈل لا کر ملک کو فخر بھی دلا رہی ہیں۔‘‘
صدر مرمو نے کہا، ’’گزشتہ ایک دہائی میں ملک کے ہر کوشش کی ذمہ داری نوجوانوں کو آگے بڑھ کر اٹھانی پڑی ہے۔ لاکھوں نوجوان ملک سازی کے کام سے جڑ رہے ہیں۔‘‘
صدر نے اسٹارٹ اپ ہندوستان سے لے کر ڈیجیٹل ہندوستان تک، منصوبوں کا ذکر کر کے روزگار کے مواقع بھی گنوائے اور کہا کہ ایک کروڑ نوجوانوں کے لیے انٹرنشپ کا انتظام سے نوجوانوں کو کام کرنے کا تجربہ حاصل ہوگا۔
ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے صدر دروپدی مرمو کا خطاب، حکومتی پالیسیوں کی تعریف
صدر دروپدی مرمو پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئی ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر ان کا استقبال کیا گیا۔ اب وہ پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہی ہیں۔
صدر دروپدی مرمو نے اپنے خطاب کے آغاز میں آئین کے قبولیت کے 75 سال مکمل ہونے کا ذکر کیا اور آئین ساز بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مونی اماوسیہ کے دن پریاگ راج مہاکمبھ میں پیش آنے والے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ اس کے بعد صدر نے حکومت کی متعدد پالیسیوں کی تعریف کی۔
بجٹ اجلاس کے آغاز سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کا قوم سے خطاب
بجٹ اجلاس شروع ہونے سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کو خطاب کیا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں بجٹ اجلاس کے ایجنڈے کے بارے میں کئی باتیں کیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اس اجلاس میں کئی تاریخی بلوں پر بحث ہوگی اور وسیع مشاورت کے ساتھ قوم کو مضبوط بنانے والے قوانین بنائے جائیں گے۔ خواتین کے حقوق کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا، "اس اجلاس میں ایسے کئی فیصلے کیے جائیں گے جن سے خواتین کو عزت کے ساتھ زندگی ملے گی۔"
اصلاحات، کارکردگی اور تبدیلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’جب ترقی کی تیز رفتار حاصل کرنی ہوتی ہے تو سب سے زیادہ زور اصلاحات پر دیا جاتا ہے۔ اس کے بعد وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کو مل کر کارکردگی دکھانی ہوتی ہے۔ ان دونوں عمل کے بعد عوام کی شراکت داری سے ہم تبدیلی دیکھتے ہیں۔‘‘
وقف ترمیمی بل سمیت 16 بل پیش کیے جائیں
آج سے شروع ہو رہے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں وقف ترمیمی بل، مالیاتی بل 2025 اور انڈین ریلوے قوانین کے انضمام سمیت 16 بل پیش کیے جائیں گے۔ وقف ترمیمی بل میں مسلم فلاحی جائیدادوں کے انتظام سے متعلق 44 ترامیم شامل ہیں، جسے اپوزیشن کے اعتراضات کے باوجود جے پی سی نے منظوری دے دی ہے۔ دیگر بلز میں گوا میں قبائلی نشستوں کی دوبارہ تقسیم، دیہی مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ آنند کا نام تبدیل کر کے تریبھوون یونیورسٹی کرنا، اور ہوائی سفر و امیگریشن قوانین میں ترامیم شامل ہیں۔
بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ 13 فروری تک جاری رہے گا
پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے، جوکہ 13 فروری تک جاری رہے گا۔ پانچ فروری کو دہلی انتخابات کے تحت ووٹنگ ہوگی، جس کی وجہ سے پارلیمنٹ کی کارروائی معطل رہے گی۔ بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ 10 مارچ سے شروع ہوگا۔
دوپہر ایک بجے اقوامی اقتصادی سروے جاری ہوگا
بجٹ اجلاس کے پہلے دن وزیر خزانہ نرملا سیتارمن پارلیمنٹ میں قومی اقتصادی سروے پیش کریں گی۔ رپورٹ کے مطابق توقع ہے کہ نرملا سیتا رمن دوپہر ایک بجے پارلیمنٹ میں قومی اقتصادی سروے پیش کریں گی۔
صدر دروپدی مرمو صبح 11 بجے خطاب پیش کریں گی
پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے۔ اس اجلاس کا آغاز آج صدر دروپدی مرمو کے خطاب سے ہوگا۔ دروپدی مرمو صبح 11 بجے اپنا خطاب پیش کریں گی۔ وزیر اعظم مودی کچھ دیر میں پارلیمنٹ پہنچے والے ہیں اور اجلاس شروع ہونے سے قبل ہو میڈیا سے گفتگو کر سکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔