’پیراڈائز پیپرس‘:بی جے پی لیڈر آر کے سنہا نے ’مون ورَت‘ اختیار کیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

انٹرنیشنل کنسورٹیم آف انوسٹی گیٹو جرنلزم (آئی سی آئی جے) اور دنیا کے 96 میڈیا اداروں نے مل کر 1.34 کروڑ افشا دستاویزوں کی چھان بین کر کے بیرون ممالک میں اپنا پیسہ جمع کرانے والے جن 714 ہندوستانیوں کا پتہ لگایا ہے، اس میں سے ایک دلچسپ نام بی جے پی سے بہار کے راجیہ سبھا رکن اور کاروباری آر کے سنہا یعنی رویندر کشور سنہا کا ہے۔ پالٹیکل سائنس اور قانون سے گریجویٹ آر کے سنہا ایک زمانے میں صحافی رہ چکے ہیں۔ سنہا نے 1971 کی ہند-پاک جنگ کے بعد ریٹائرڈ فوجیوں کی مدد کے لیے ایک سیکورٹی اور خفیہ سروس تیار کی جو ہندوستان اور آسٹریلیا میں اپنی خدمات دیتی ہے۔ 250 سے بھی زیادہ برانچ والی سنہا کی اس کمپنی نے 2016 میں 4000 کروڑ کا لین دین دکھایا تھا۔ سنہا ’دی انڈین پبلک اسکول‘ نام کے اسکولوں کے مالک بھی ہیں۔

آئی سی آئی جے کی ویب سائٹ کے مطابق ہندوستان کے سب سے رئیس ممبر پارلیمنٹ کے طور پر پہچانے جانے والے سنہا نے مالٹا میں اپنی ہی کمپنی ’ایس آئی ایس سیکوریٹیز‘ کی ایک سبسیڈیری کمپنی ’ایس آئی ایس ایشیا پیسفک ہولڈنگس پرائیویٹ لمیٹڈ‘ بنائی۔ اس کمپنی کی ڈائریکٹر سنہا کی بیگم ہیں اور کچھ شیئر سنہا کے نام پر بھی ہیں۔

’ایس آئی ایس ایشیا پیسفک ہولڈنگس پرائیویٹ لمیٹڈ‘ نے ٹیکس ہیون برٹش ورجن آئی لینڈ میں ’ایس آئی ایس انٹرنیشنل ہولڈنگ‘ نام کی ایک نئی کمپنی بنائی۔ اس کمپنی کے 3999999 شیئر سنہا کی پہلی بیرون ملک کمپنی کے پاس ہیں (جس کی ڈائریکٹر سنہا کی بیگم ہیں) اور صرف ایک شیئر سنہا کے نام پر ہے۔ اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سنہا نے راجیہ سبھا انتخاب کے حلف نامہ میں اس کمپنی کا تذکرہ تک نہیں کیا ہے۔

پیراڈائز پیپرس میں نام آنے کے بعد جب ممبر پارلیمنٹ آر کے سنہا سے سوال پوچھا گیا تو انھوں نے خاموشی اختیار کر لی اور ایک کاغذ پر یہ لکھ کر میڈیا کی طرف بڑھا دیا کہ ابھی ان کا ’مون ورَت‘ چل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔