امرتسر ہوائی اڈے پر ڈرون جیسی مشتبہ چیزیں نظر آنے کے سبب افرا تفری، 7 پروازوں کا روٹ کیا گیا تبدیل

ابتدائی جانچ کے مطابق اڑتی ہوئی چیزیں گاؤں روڑالہ کی طرف سے ایئر پورٹ کی جانب آتی ہوئی نظر آئی تھیں۔ کچھ دیر تک یہ رنوے اور آس پاس کے حساس علاقوں کے اوپر منڈلاتی رہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ڈرون کی علامتی تصویر / یو این آئی</p></div>
i

پنجاب کے امرتسر میں واقع گرو رام داس جی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتوار کی شب افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ در اصل رنوے کے قریب آسمان میں تقریباً 4 مشتبہ چیزیں آسمان میں اڑتی ہوئی نظر آئیں، جو پہلی نظر میں ڈرون جیسی لگیں۔ مشتبہ چیزیں آسمان میں نظر آنے کے بعد ’ایئر ٹریفک کنٹرول‘ نے الرٹ جاری کر دیا۔ یہ معاملہ تقریباً 10 بجے رات کا بتایا جا رہا ہے۔ رنوے کے قریب مشتبہ سرگرمی دیکھنے کے بعد امرتسر آنے والی 7 پروازوں کا روٹ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر تبدیل کر دیا گیا۔ ان میں سے کچھ پروازوں کو دہلی اور کچھ پروازوں کو چنڈی گڑھ کی جانب ڈائیورٹ کیا گیا۔

ابتدائی جانچ کے مطابق یہ اڑتی ہوئی چیزیں گاؤں روڑالہ کی طرف سے ایئر پورٹ کی جانب آتی ہوئی نظر آئی تھیں۔ کچھ دیر تک یہ رنوے اور آس پاس کے حساس علاقوں کے اوپر منڈلاتی رہیں۔ امرتسر ایک سرحدی ضلع ہے۔ ایسے میں ایئرپورٹ کے قریب اس طرح کی مشکوک سرگرمی کو سیکورٹی نقطۂ نظر سے سنگین قرار دیا جا رہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی سی آئی ایس ایف اور پنجاب پولیس سمیت مرکزی سیکورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔


فی الحال یہ تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ آسمان میں نظر آ رہی یہ چیزیں ڈرون تھیں یا کچھ اور۔ سیکورٹی ایجنسیاں معاملے کی جانچ کر رہی ہیں۔ جانچ کے دوران یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آسمان میں نظر آنے والی مشتبہ چیزیں کہاں سے اڑائی گئی تھیں۔ اس کے ساتھ ہی ان کی شناخت سے متعلق اطلاع بھی حاصل کی جا رہی ہے۔ اس معاملے کے بعد ایئر پورٹ کے آس پاس کچھ وقت کے لیے اضافی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں. سیکورٹی ٹیموں نے مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ فی الحال تفتیش کے نتائج کا انتظار ہے، اس کے بعد ہی صورتحال پوری طرح واضح ہو سکے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔