فوجی قوت میں پاکستان کی رینکنگ 7 سے 14 پر پہنچی، 4 سالوں سے کیوں جاری ہے زوال کا سلسلہ!
یہ رینکنگ فوج کی تعداد کے ساتھ ساتھ اسلحوں کی صلاحیت، دفاعی بجٹ، تکنیک، لاجسٹک سپورٹ، فضائیہ، بحریہ اور معاشی استحکام جیسے تقریباً 60 پیمانوں پر مبنی ہوتی ہے۔ اس میں پاکستان لگاتار پچھڑتا جا رہا ہے۔

پاکستان کی فوجی قوت ہر گزرتے سال کے ساتھ گھٹتی جا رہی ہے۔ یہ جانکاری ایک رینکنگ سے سامنے آئی ہے جو کہ ’گلوبل فائر پاور‘ کی جانب سے کرائی گئی ہے۔ 2026 کے لیے جاری ’ملٹری استرینتھ رینکنگ‘ میں پاکستان کو 14واں مقام حاصل ہوا ہے، جو کہ 4 سال قبل 7 تھا۔ 2023 میں پاکستان کی رینکنگ 7، 2024 میں 9 اور 2025 میں 12 دیکھنے کو ملی تھی۔ یعنی گزشتہ 4 سالوں میں پاکستان کی رینکنگ 7 سے گھٹ کر 14 پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری طرف امریکہ، روس، چین اور ہندوستان 4 سال سے سرفہرست بنے ہوئے ہیں۔
’گلوبل فائر پاور‘ نے 2026 کی جو رینکنگ جاری کی ہے، اس میں 145 ممالک کی فوجی صلاحیت کا جائزہ شامل کیا گیا ہے۔ یہ رینکنگ فوج کی تعداد کے ساتھ ساتھ اسلحوں کی صلاحیت، دفاعیبجٹ، تکنیک، لاجسٹک سپورٹ، فضائیہ، بحریہ اور معاشی استحکام جیسے تقریباً 60 پیمانوں پر مبنی ہوتی ہے۔ اس رینکنگ میں پاکستان کا لگاتار پیچھے ہونا، اس کے لیے فکر کا باعث ہے۔ پاکستان کی اس خراب کارکردگی کے پیچھے 4 اہم وجوہات بتائی جا رہی ہیں، جو اس طرح ہیں:
1. کمزور معیشت:
پاکستان کی گرتی رینکنگ کی سب سے بڑی وجہ اس کی کمزور معیشت مانی جا رہی ہے۔ ملک طویل مدت سے معاشی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ غیر ملکی قرض، بڑھتی مہنگائی اور کم ہوتے فوریکس ریزرو کا براہ راست اثر بجٹ پر پڑا ہے۔ پاکستان اپنے فوجی خرچ میں نہ تو بڑا اضافہ کر پا رہا ہے اور نہ ہی جدید اسلحوں کی بڑے پیمانے پر خرید کر پا رہا ہے۔
2. ملٹری ماڈرنائزیشن کی سست رفتار:
امریکہ، چین، روس اور ہندوستان لگاتار نئی تکنیک، ڈرون، میزائل ڈیفنس سسٹم، سائبر وارفیئر اور خلائی قابلیت پر سرمایہ لگا رہے ہیں۔ اس کے مقابلے پاکستان کا فوکس محدود وسائل میں روایتی فوجی ڈھانچے کو سنبھالنے تک محدود ہو گیا ہے۔
3. فوجی وسائل کی کمی:
پاکستانی فضائیہ اور بحریہ بھی وسائل کی کمی سے نبرد آزما ہے۔ پرانے جنگی طیارے، محدود ایئر ڈیفنس سسٹم اور بحریہ میں کم جہاز اس کی کمزوری کو ظاہر کرتے ہیں۔ ہندوستان جیسے پڑوسی ملک نے سودیشی اسلحے، ایئرکرافٹ کیریئر، نیوکلیائی آبدوز اور جدید میزائل سسٹم میں بڑی چھلانگ لگائی ہے۔
4. پاکستان کے داخلی چیلنجز:
داخلی چیلنجز بھی پاکستان کی فوجی صلاحیت کو متاثر کر رہے ہیں۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا جیسے علاقوں میں دہشت گردانہ سرگرمیوں سے نمٹنے میں فوج کا بڑا حصہ لگا رہتا ہے، جس سے باہری محاذ پر توجہ کم ہو جاتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔